پاکستان، ازبکستان کا تجارت 2 ارب ڈالر تک لانے کا فیصلہ، مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط
پاکستان اور ازبکستان نے تجارت 2 ارب ڈالر تک لانے کا فیصلہ کرلیا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے جبکہ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی 38 سے 2.4 فیصد پر لے آئے، ازبکستان کے ترقیاتی ماڈل سے مستفید ہوں گے، انتھک محنت سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔
ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں تاشقند اور لاہور کے درمیان ایم او یو کا تبادلہ ہوا، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معلومات کے تبادلے اور سفارتی پاسپورٹس، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے گئے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان نوجوانوں کے امور سے متعلق ایم او یو کا بھی تبادلہ ہوا۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے گئے، وزیراعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
وزیراعظم اور ازبکستان کے صدر کی مشترکہ پریس کانفرنس
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، صدر ازبکستان نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مفید گفتگو ہوئی، روشن مستقبل کے لیے دونوں ملکوں کی گفتگو اور معاہدے اہم ہیں۔
شوکت مرزیایوف نے کہا کہ مشترکہ لائحہ عمل اور مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا، خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتاہوں، دونوں ملکوں کے تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، باقاعدہ پروازیں دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ممتاز کاروباری کمپنیاں دورہ تاشقند پر ہیں، سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، دونوں ملکوں میں تزویراتی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہورہا ہے، دونوں ملکوں میں تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے، وزیراعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دورہ ازبکستان کے دوران میزبانی پر مشکور ہوں، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ملکوں کےتعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سرمای کاری اور تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، ازبکستان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، دونوں ملکوں کی خوشحالی اور ترقی ہمارامشترکہ عزم ہے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ صدر شوکت مرزیایوف عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، صدر شوکت مرزیایوف نے ازبکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دیے ہوئے ترقی کے ویژن پرگامزن ہوں، انتھک محنت اور پختہ عزم سے ہی ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے، تعلقات کو نئی بلندیوں تک لےجائیں گے، طویل ترین سفر کا آغاز پہلے قدم سے ہوتا ہے جو ہم نے اٹھالیا، ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 سے 2.4 فیصد پر لے آئے ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضاف ہوا ہے، معاشی شرح نمو میں اضافہ ہورہا ہے، ازبکستان کے ترقیاتی ماصل سے مستفید ہوں گے، انتھک محنت سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کےذریعے تجارت اہمیت کی حامل ہے، معدنیات کے شعبے میں بھی تفیصیلی گفتگو ہوئی، اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو ممکن بنائیں گے، سیاحت کے شعبے میں بھی مل کر کام کریں گے، ازبکستان کو کراچی اور لاہور سے منسلک کریں گے۔
وزیراعظم کی تاشقند میں صدر ازبکستان سے ملاقات، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف ازبکستان کے صدر عزت مآب شوکت مرزیایوف سے ملاقات کے لیے کانگرس سینٹر تاشقند پہنچے جہاں وزیرِاعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ازبکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، دارالحکومت تاشقند میں واقع کانگریس سینٹر پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
باضابطہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کے لیے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں واقع کانگریس سینٹر آمد پر ازبکستان کے صدر نے وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ازبکستان کے صدر اور وزیراعظم درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
آذر بائیجان سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا ہے، وزیراعظم
تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد میزبان صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے میزبان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کروایا۔
وزیرِ اعظم اور ازبکستان کے صدر پاکستان اور ازبکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرنس میں خطاب کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی۔
بعد ازاں، وزیرِ اعظم اور ازبک صدر پاکستان اور ازبکستان مشترکہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور گفتگو بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم تاشقند میں قائم ٹیکنو پارک کا دورہ بھی کریں گے جہاں وزیرِ اعظم کو ازبکستان کی مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کے صنعتی یونٹس کا دورہ کروایا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان کے 2 روزہ دورے پر ہیں، اس سے قبل انہوں نے آذربائیجان کا دو روزہ دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ملکوں کے مابین تجارت، دفاع، تعلیم، موسمیات کے حوالے سے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے تھے، دونوں ملکوں نے دو طرفہ تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
Comments are closed on this story.