Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

ذاتی رائے ہے ایکس پر پابندی بے کار ہے، اسے ہٹنا چاہئے، بیرسٹر عقیل ملک

نہروں کے حوالے سے حکمرانوں کو ہمارا موقف سمجھ نہیں آرہا، نوید قمر کی آج ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
اپ ڈیٹ 25 فروری 2025 11:55pm

وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے ایکس پر پابندی بے کار ہے، اسے ہٹنا چاہیے، انہوں نے سوال کیا ایک سال میں پابندی کے کیا اثرات آئے؟ وی پی این کی نوبت نہیں آنا چاہیے، پیکاایکٹ میں بہتری کی گنجائش تھی اور ہے۔

آج ٹی وی کے پروگرام ’نیوز انسائٹ ودعامر ضیا‘ کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ اگر بات درست ہے تو سوشل میڈیا پر آپ بولیں یا لکھیں، سیاق و سباق سے ہٹ کر بات نہیں کرنا چاہیے، سچ اور جھوٹ میں تمیز ہونا چاہیے، سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیو بنانے کا سلسلہ بھی ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پیکاایکٹ میں بہتری کی گنجائش ہے، اس حوالے سے غور جاری ہے، ہم صحافی برادری کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں، ہم نے میڈیا تنظیموں سے بھی نئی تجاویز اور ڈرافٹ مانگا ہے، جوڈیشل کمیشن سے اختر حسین ججوں کی تعیناتی کے پورے عمل میں شامل رہے، آخری لمحے میں ان کا عہدے سے مستعفی ہونا حیران کن ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہاکہ ایکس پر پابندی کو اب ہٹنی چاہیے، ہم وی پی این استعمال کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں اور جھوٹی ویڈیوز چلائی جاتی ہیں، جھوٹی خبروں کے حوالے سے سب کا اتفاق ہے، ملک میں اب پیکاایکٹ اب نافذ ہوچکا ہے۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے ماضی میں بھی کالا باغ ڈیم سمیت بہت سے منصوبے بنے تھے، لیکن عوامی طاقت اور مزاحمت کے سامنے سب بے بس ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ اگرسندھ کےعوام کے ساتھ کچھ ہوگا تو مزاحمت ہوگی، ہم چولستان کو سبز کرنے سے منع نہیں کرتے، اصل مسئلہ پانی کی تقسیم کا ہے، ہم حکومت میں شامل نہیں، معاملہ ابھی آگے کی جانب بڑھے گا۔

پی پی رہنما نے کہاکہ حکومتوں کے جانے سے منصوبے ختم نہیں ہوتے، حکومت نے ابھی تک دریائے سندھ پر نہروں کے حوالے سے ہم سے بات نہیں کی، حکمرانوں کو ابھی ہمارا موقف سمجھ نہیں آرہا ہے، انہیں کسی اور طرح سے سمجھانا پڑے گا۔

AAJ NEWS

Aaj News program

TV Show

aaj Tv