بھارتی گاؤں میں اچانک پھیلے گنج پن کی حیران کن وجہ سامنے آگئی
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانہ میں لوگوں کے اچانک گنجے ہونے کی حیران کن وجہ سامنے آگئی ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر کے تین دیہاتوں میں لوگوں کو ایک عجیب و غریب صورتِ حال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگ تشویش میں مبتلا ہو رہے ہیں ان علاقوں میں مرد، خواتین اور بچے اچانک بالوں کے گرنے اور گنجے ہونے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ضلع بلڈھانہ کے ان دیہات میں تقریباً 30 سے 40 فیصد لوگوں کے بال گرنے کی اطلاعات ہیں، حکام معاملے کی تحقیقات کے لیے حرکت میں آ چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ماہرین اور صحت کے حکام نے اس مسئلے کی تحقیقات کیں اور جس کے بعد ہمت راؤ باواسکر نامی ڈاکٹر کی ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ یہ مسئلہ زہریلی گندم کی وجہ سے ہو سکتا ہے جس کا لوگ استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر باواسکر کی تحقیق کی ایک ماہ جاری رہنے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ حکومت کے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کے ذریعے دی جانے والی گندم میں بہت زیادہ سیلینیم جبکہ زنک کی مقدار کم ہے۔
ڈاکٹر باواسکر نے کہاکہ “ہم نے متاثرہ علاقے سے گندم کا تجربہ کیا جس کے بعد معلوم ہوا کہ اس میں مقامی گندم سے 600 گنا زیادہ سیلینیم ہے۔ ہمارے خیال میں سیلینیم کی یہ زیادہ مقدار لوگوں کے بالوں سے محروم ہونے کا سبب بن رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ 3 سے 4 دنوں میں مکمل طور پر گنجے ہو گئے۔
گنج پن کے شکار افراد بال دوبارہ اگانے کیلئے ٹماٹر کے جوس کا استعمال کیسے کریں؟
انہوں نے بتایا کہ گندم کے نمونے جانچ کے لیے تھانے کی ایک لیب میں بھیجے گئے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ گندم میں 14.52 ملی گرام فی کلوگرام سیلینیم موجود ہے جو کہ عام مقدار 1.9 ملی گرام فی کلوگرام سے کہیں زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر باواسکر کا کہنا تھا ہم نے متاثرہ افراد کے خون، پیشاب اور بالوں کا ٹیسٹ کیا اور اس میں سیلینیم کی انتہائی زیادہ مقدار پائی گئی۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ سیلینیم کھانا براہ راست بالوں کے جھڑنے کا سبب بنتا ہے۔ ہم نے یہ بھی پایا کہ متاثرہ افراد میں زنک کی سطح بہت کم تھی، جس کی وجہ سیلینیم کی زیادتی ہوگئی۔
دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے درمیان مہاراشٹر کے 18 دیہاتوں کے تقریباً 300 افراد، جن میں کالج کی کئی لڑکے اور نوجوان لڑکیاں بھی شامل ہیں، اچانک بالوں سے محروم ہوگئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے محققین نے جانچ کے لیے علاقے سے پانی اور مٹی کے نمونے بھی لیے۔ انہوں نے پایا کہ جن لوگوں کے بال گرے ان کے خون میں سیلینیم کی مقدار زیادہ تھی۔
Comments are closed on this story.