Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

پنجاب میں فوجداری قوانین میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ

محکمہ داخلہ پنجاب نے ”قانونی اصلاحات کمیٹی“ تشکیل دے دی
شائع 25 فروری 2025 09:51am

پنجاب حکومت نے قدیم فوجداری قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے ”قانونی اصلاحات کمیٹی“ تشکیل دے دی ہے جو فوجداری قوانین میں ضروری ترامیم اور بہتری کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

کمیٹی ”قومی سلامتی کے قانون“ کا مسودہ بھی تیار کرے گی اور جرائم کی روک تھام، قانون کے مؤثر نفاذ اور امن عامہ کی بحالی کے لیے قانونی اصلاحات تجویز کرے گی۔

خصوصی طور پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کے قوانین میں ترامیم کی جائیں گی، جبکہ انسداد دہشت گردی، سائبر کرائم، سائبر سکیورٹی اور بین الصوبائی روابط کے قوانین کو بھی جدید دور کے مطابق بنایا جائے گا۔

کریکٹر سرٹیفکیٹ کا پیٹرن تبدیل، بے گناہی پر ذلت کا داغ دھل جائے گا

کمیٹی جدید سائنسی تکنیک، قوانین اور معاشرتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترامیم تجویز کرے گی۔ ڈی آئی جی کامران عادل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری (جوڈیشل) محکمہ داخلہ عمران حسین رانجھا کمیٹی کے سیکرٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

دیگر اراکین میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ قانون، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے نمائندے شامل ہیں۔

کمیٹی تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ محکمہ داخلہ کو پیش کرے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

Criminal Law

Punjab Pakistan