Aaj News

اتوار, اپريل 13, 2025  
14 Shawwal 1446  

ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل، این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کردی

یکم مارچ تک برفباری، گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان
شائع 25 فروری 2025 08:29am

ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق شمالی اور مغربی علاقوں میں یکم مارچ تک برفباری، گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، وسطی، جنوبی اور جنوب مشرقی پنجاب میں بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان کے مغربی، شمال مغربی اور شمالی علاقوں میں بھی بارش، آندھی اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

لاہور میں آسمان پر گہرے بادل اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم تبدیل ہو گیا ہے، جبکہ صبح سے بوندا باندی بھی جاری ہے۔

کوہاٹ میں گزشتہ رات سے جاری بارش کا سلسلہ تاحال نہیں رکا، جس سے گندم کی فصل کو خاصا فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو رہی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے بھر میں بارش کا یہ سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ضلع کرم کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں اور سینٹرل کرم میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کرک میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، جس سے سردی بڑھ گئی ہے، جبکہ حالیہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرک میں بارشوں کا یہ سلسلہ مزید 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

NDMA

Rain and Snowfall