پیپلز پارٹی نےکون سے دودھ اور شہدکی نہریں بہادیں، پورا سندھ ان کے حوالے کر دیا، سائرہ بانو
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما سائرہ بانو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، اس کے ساتھ الیکشن میں کیا ہوا؟ کس طرح سے سندھ میں ایم کیو ایم کو لایا گیا، سندھ کے حقوق پر ڈاکا مارا جارہا ہے، چولستان کے لئے دریائے سندھ سے غیر قانونی نہریں نکالی گئیں، اب بات سیاست سے بہت آگے چلی گئی ہے، پیپلز پارٹی نے کون سے دودھ اور شہد کی نہریں بہادی ہیں کہ پورا سندھ ان کے حوالے کر دیا گیا۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’نیوز انسائٹ ودعامر ضیا‘ کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا ہے کہ سندھ میں 460 سرکاری اسکول بند ہیں، جعلی نوکریوں کی بندر بانٹ کی گئی، الیکشن میں ہمارا مقابلہ ریاست سے ہوتا ہے، سرکاری مشینری پی پی کا ساتھ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کوئی کام نہیں کر رہے ہیں، عام آدمی کے لئے سندھ حکومت نے کیا کردار ادا کررہی ہے، کراچی میں سڑکوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے، سندھ میں کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ہمیشہ سے کراچی کی حد تک فوکس رہا ہے، شہر کی قومی اسمبلی کی 21 نشتیں ہم نے جیتی تھیں، ماضی میں سندھ کے دیہی علاقوں میں نہ جانا ہماری غلطی تھی، عمران خان ہمیشہ سے پیر پگاڑا اور جی ڈی اے کے ساتھ رہے ہیں، سندھ میں ہمیں اچھا رسپانس ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے سندھ کے اندر ایک حقیقت ہے، ایم کیو ایم کا کراچی میں ووٹ بینک ختم ہو چکا ہے، حکومت میں شریک سیاسی جماعتوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کریں گے، ان لوگوں کی وجہ سے ملک کر بحرانوں کا سامنا ہے، ملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ شہر میں سب سے بڑی تنظیم پی ٹی آئی کی ہے، میڈیا کو پی ٹی آئی کی کوریج سے روکا جاتا ہے، ہم نے ہمیشہ عوامی مسائل پر آواز اٹھائی ہے، اب ہمارا برا وقت گذر چکا ہے، ہم نے سندھ میں اپنی حکومت بنانی ہے، پیپلز پارٹی کو صوبے سے فارغ کرنا ہے۔
Comments are closed on this story.