عالمی سطح پر معروف شیف گورڈن رامسے کونسی ’پاکستانی ڈش‘ کھا کر جھوم اٹھے؟
عالمی شہرت یافتہ برطانوی شیف گورڈن رمسے بھی پاکستانی کھانوں کی لذت کے معترف نکلے۔ امریکہ کے شہر ڈیلاس میں مقیم پاکستانی نژاد شیف مریم اشتیاق نے مشہور کوکنگ شو ’نیکسٹ لیول شیف‘ کے چوتھے سیزن میں پاکستانی انداز میں لذیذ تندوری چکن تیار کر کے گورڈن رامسے سمیت دیگر عالمی ماہرینِ فنِ طعام کو حیران کر دیا۔
یہ لمحہ پاکستانی کھانوں کے لیے ایک فخر کا مقام تھا جب گورڈن رمسے نے نہ صرف تندوری چکن کی کھل کر تعریف کی بلکہ پاکستانی کھانوں کی مجموعی ورثے کو بھی سراہا۔ چکن چکھتے ہی انہوں نے جوش بھرے انداز میں کہا، ’پاکستان! بہت خوبصورت، اور دنیا کے کچھ انتہائی بہترین کھانے پاکستان کے ہیں۔‘
مریم اشتیاق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو پوسٹ کی، جو تیزی سے وائرل ہوگئی، اس ویڈیو میں مذکورہ شو کے دوران ان کی گورڈن رامسے کے ساتھ گفتگو دکھائی گئی۔ ویڈیو میں وہ فخر سے اپنے پاکستانی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے گورڈن رامسے کو تندوری چکن کے بارے میں بتا رہی ہیں۔
پاکستانی کھانوں کی پہچان تندوری چکن، بریانی، نہاری، حلیم، چپلی کباب، اور روغنی نان جیسے پکوان دنیا بھر میں مشہور ہیں، اور مریم اشتیاق نے اسی ثقافتی ورثے کو آگے بڑھاتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ شو کے ایک اور جج نے مریم کے ہاتھ کے بنے رائتے کو بھی بےحد پسند کیا، جو پاکستانی کھانوں کے منفرد ذائقوں کی نمائندگی کرتا ہے۔
مریم اشتیاق نے اس تاریخی لمحے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے گورڈن رامسے کا شکریہ ادا کیا اور آنسو پونچھتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتی تھیں۔ ان کے مطابق، اس معروف کوکنگ شو تک ان کا سفر کئی برس قبل شروع ہوا تھا جب انہوں نے پہلی بار اس کے لیے اپلائی کیا تھا، اور پھر ایک دن اچانک انہیں مدعو کر لیا گیا۔
یہ لمحہ صرف مریم اشتیاق کے لیے ہی نہیں بلکہ پاکستان کے روایتی کھانوں کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی تھی۔ پاکستانی کھانے نہ صرف ذائقے میں لاجواب ہیں بلکہ اپنے خاص مصالحوں اور پکانے کے منفرد انداز کی بدولت دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔ تندوری چکن کے ساتھ ساتھ، پاکستانی کھانوں میں قورمہ، نہاری، بریانی، اور کڑاہی گوشت بھی بین الاقوامی سطح پر مشہور ہو رہے ہیں۔
اس شو کے ذریعے پاکستانی کھانے ایک بار پھر بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنے، اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر زبردست ردعمل دیا۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستانی کھانے اپنی لذت، خوشبو، اور انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.