Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
26 Ramadan 1446  

ایبٹ آباد میں نوجوان کا قتل، مشتعل ہجوم نے پولیس کی موجودگی میں مبینہ ملزم کو ہلاک کردیا

مقتول کے لواحقین نے احتجاج، مشتعل افراد نے نجی سوسائٹی کے دفتر کو آگ لگادی
شائع 22 فروری 2025 09:38pm

ایبٹ آباد کے علاقے چھانگلہ گلی میں نجی سوسائٹی میں چھریوں کے وار سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد مقتول کے لواحقین نے احتجاج کیا جبکہ مشتعل ہجوم نے پولیس کی موجودگی میں مبینہ ملزم کو ہلاک کردیا اور نجی سوسائٹی کے دفتر کو آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق ایبٹ آباد میں تھانہ چھانگلہ گلی کی حدود میں واقع نجی سوسائٹی میں نامعلوم ملزم نے چھریوں کے وار سے ایک نوجوان کو قتل کردیا جبکہ واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جاں بحق شخص کی شناخت عمران عباسی کے نام سے ہوئی ہے، ارتکابِ جرم کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مقتول عمران عباسی کے ورثا نے ملزم کی گرفتاری کے لیے شدید احتجاج کیا۔

نوجوان کو قتل کرنے والا میبنہ قاتل مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاک

دوسری جانب ایبٹ آباد کے علاقے چھانگلہ گلی کی حدود سمبر کے علاقے میں نوجوان کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے والے میبنہ قاتل کو مشتعل ہجوم نے پکڑ کر ہلاک کردیا۔

مشتعل ہجوم نے پولیس کی موجوگی میں مبینہ ملزم کو ماردیا جبکہ مشتعل افراد نے نجی سوسائٹی کے دفتر کو آگ بھی لگا دی۔

پولیس مشتعل ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی، جس کے بعد حالات بدستور کشیدہ ہیں، مظاہرین نے آگ بجھانے کے لیے جانے والی مری اور ایبٹ آباد کی فائر برگیڈ کو بھی روک لیا۔

مظاہرین نے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا جبکہ قتل کی وجہ سامنے نہ آسکی۔

خیبر پختونخوا

Abbot Abad