Aaj News

اتوار, مارچ 30, 2025  
1 Shawwal 1446  

دبئی میں چیمپئنز ٹرافی؛ بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، کوہلی کی سنچری

ویرات کوہلی پھر پاکستان کی راہ میں رکاوٹ بن گئے
اپ ڈیٹ 24 فروری 2025 12:45am

چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 242 رنز کا ہدف بھارت نے 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا، پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی، پوری ٹیم دوسو اکتالیس رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل کا کسی نے ساتھ نہ دیا۔ رضوان نے چھیالیس جبکہ سعود نے باسٹھ رنز بنائے۔ بابر اعظم اور امام الحق کا بلا ایک بار پھر نہ چلا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے شاندار آغاز کیا اور ویرات کوہلی کی زبردست بیٹنگ کی بدولت 42 اعشاریہ 3 اوورز میں ہدف حاصل کیا۔

بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان روہت شرما تھے جنہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کیا، روہت شرما 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شبمن گل 46 رنز بنا کر ابرار کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔

روہت شرما نے 15 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔

شریاس ایئر 56 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، انہیں خوشدل شاہ نے آؤٹ کیا۔ ہاردیک پانڈیا 8 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ قومی فیلڈرز نے دو کیچز بھی گرائے۔

چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی ٹیم 50 اوورز مکمل نہ کھیل سکی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور امام الحق نے محتاط طریقے سے اننگ کا آغاز کیا اور 6 اوورز میں ٹیم کا اسکور 26 رنز تک پہنچایا۔

گرین شرٹس کی پہلے بیٹنگ کے دوران ابتدائی دو وکٹیں سینتالیس رنز پر گریں، بابراعظم تئیس رنز بناکر چلتے بنے ان کے ساتھ امام الحق بھی غیر ضروری رن لیتے ہوئے وکٹ گنوابیٹھے۔

تیسری وکٹ پر کپتان محمد رضوان اور سعود شکیل نے ایک سو چار رنز کا اضافہ کیا۔ رضوان چھیالیس اور پھر سعود باسٹھ رنز بناکر پویلین لوٹے۔ رضوان اور سعود کی پارٹنرشپ ٹوٹنتے ہی پاکستان کی وکٹیں گرنے لگیں۔

طیب طاہر بھی چار رنز پر چلتے بنے۔ سلمان آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

نسیم شاہ صرف 14 رنز بنا سکے۔ بھارت کی جانب سے باؤلرمحمد شامی نے پہلے اوور میں پانچ وائڈ گیندیں کروادیں۔ پاکستان کی نویں وکٹ 241کے اسکور پرگری۔ خوشدل شاہ نے 38 رنزکی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان نے بھارت کیخلاف 49.4 اوورزمیں صرف 241 رنز بنائے۔

بھارتی بالر کلدیپ یادیو نے 40 رنزدے کر3 وکٹیں حاصل کیں، پانڈیا کی 2، جڈیجہ، ہرشیت اوراکشرپٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آئی سی سی ون ڈے ایونٹ میں بابراعظم نے ایک ہزار رنز مکمل کر لیے۔ پاکستان میچ ہارا تو چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوسکتا ہے۔

ویرات کوہلی کے ون ڈے کرکٹ میں 14000رنز مکمل

ویرات کوہلی کے ون ڈے کرکٹ میں 14000رنز مکمل ہوگئے، ون ڈے میں 14000رنز بنانے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی سچن ٹنڈولکر اور سنگاکارا بھی کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

میچ کے اختتام پر بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہمارے بالنگ لائن نے بہترین پرفارم کیا، ہمارے تینوں اسپنرز کا تجربہ کام آیا۔

شکست پر کپتان رضوان کی روایتی صفائیاں

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم نے ٹاس جیتنے کا فائدہ نہیں اٹھایا، ہم نے 280 رنز کے ہدف کا سوچا تھا، بھارتی ٹیم نے بہترین کرکٹ کھیلی، ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا پڑے گی۔

میچ کے آغاز میں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، فخرزمان کی جگہ امام الحق کو شامل کیا گیا ہے۔

محمد رضوان کا کہنا ہے کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجانے کی کوشش کریں گے۔

چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل کی کیا صورتحال ہے؟

پاکستان کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہم اپنی طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

وہیں اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس ہارنے پر کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے تاہم کوشش ہے پاکستان کیخلاف جلد وکٹیں لیکر پریشر بڑھائیں۔

دونوں ٹیموں نے ہائی وولٹیج میچ کے لیے بھر پور تیاریاں کیں، وہی پاکستان نے بھی بھارتی ٹیم کے خلاف میچ جیتنے کے لیے ایک بڑی حکمت عملی تیار کی ہے۔

خیال رہے کہ ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف یہ میچ جیتنا ضروری ہے، ہارنے کی صورت میں پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتا ہے۔

پاکستان کی ٹیم

بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے آج بابر اعظم، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف میدان میں اترے ہیں۔

cricket

Pakistan Cricket Team

mohammad rizwan

Indian cricket team

Pakistan vs India

Icc Champions Trophy 2025