Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

کرک میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 6 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر ضلع کرک میں آپریشن کیا، آئی ایس پی آر
شائع 21 فروری 2025 06:48pm

خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 21 فروری 2025 کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کرک میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثرکاروائی کی، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے، وزیراعظم

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرک میں 6 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل سدباب کے لیے مکمل طورپرسرگرم عمل ہیں۔

قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، وزیر داخلہ

ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کرک میں 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے کامیاب آپریشن کرکے خوارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہیں، قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے، خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ISPR

security forces

security forces operation

Terrorists killed

Inter Services Public Relations (ISPR)