جنوبی افریقا کا چیمپئنز ٹرافی میں فاتحانہ آغاز، افغانستان کو 107 رنز سے شکست
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں جیت کا کھاتہ کھول دیا، افغانستان کی ٹیم 316 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 44 ویں اوور میں 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
جنوبی افریقا کی بیٹنگ
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے ریان رکیلٹن کی شاندار سینچری جبکہ ٹیمبا باوما، راسی وین ڈیر ڈوسن اور مارکرم کی نصف سینچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جنوبی افریقا کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ پروٹیز کو پہلا نقصان صرف 28 رنز پر ہوا، جب ٹوبی ڈی زورزی 11 رنز بنانے کے بعد محمد نبی کی گیند پر کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
تاہم اس کے بعد جنوبی افریقا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بیٹر ریان رکیلٹن اور کپتان ٹیمبا باوما نے دوسری وکٹ کے لیے 129 رنز کے ساجھے داری قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
چیمپیئنز ٹرافی لوگو پر پاکستان کا نام غائب، آئی سی سی نے وجہ بتادی
157 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقی کپتان 58 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے جبکہ محمد نبی نے ان کا شکار کیا جبکہ دوسرے اینڈ پر اوپنر ریان رکیلٹن کریز پر موجود رہے۔
جنوبی افریقا کے تیسرے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی ریان ریکیلٹن تھے جو 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

راسی وین ڈیر ڈوسن بھی 52 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فضل حق فاروقی کی بولنگ پر رحمت شاہ نے بہترین کیچ لے کر ڈیوڈ ملر کی اننگز کا خاتمہ کیا، وہ صرف 14 رنز بنا سکے۔
ایڈن مارکرم 36 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ویان مولڈر نے 12 رنز بنائے، اس طرح پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 2 جبکہ نور احمد، عظمت اللہ عمر زئی اور فضل الحق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی بیٹنگ
جنوبی افریقا کے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور بیٹنگ لائن شروع ہی میں لڑکھڑا گئی۔
افغان بیٹرز کو شروع سے ہی ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، افغانستان کی ٹیم کو پہلا نقصان صرف 16 رنز پر اٹھانا پڑا جب رحمان اللہ گرباز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پروٹیز نے شاندار بولنگ کا سلسہ جاری رکھا اور 23 اوور میں 89 رنز پر افغانستان کے 5 بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی، عظمت اللہ عمرزئی 18، ابراہیم زدران 17، صدیق اللہ اتل 16 رنز، جبکہ کپتان حشمت اللہ شاہدی کوئی رن نہ بنا سکے۔
افغان ٹیم کی جانب سے واحد بیٹر رحمت شاہ نے جنوبی افریقی بولرز کے سامنے مزاحمت دکھائی اور 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ محمد نبی 8، گلبدین نائب 13، راشد خان 18 اور نور احمد 9 رنز بناسکے۔
اس طرح افغان ٹیم 44 ویں اوور میں 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ کھاتہ کھول لیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کاگیسو ربادا 3 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب باؤلر رہے، نگیدی اور ویان مولڈر نے 2، 2 جبکہ مارکو جانسن اور کیشو مہاراج نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا کے ریان رکیلٹن کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کا ٹاس
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ وکٹ عام طور پر پاکستان میں جیسی ہوتی ہے اس سے مختلف لگ رہی ہے، یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ یہ کیسا برتاؤ کرے گی، ہمیں وکٹ کا جائزہ لینا ہوگا، امید ہے کہ اچھا اسکور بورڈ پر لگا سکیں گے۔
ٹمبا باووما نے کہا کہ ہمیں اپنی بولنگ پر مکمل اعتماد ہے، ہماری مستقل مزاجی ہماری طاقت رہی ہے، ہم صرف ایک اسپنر کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے، ہم نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے بھی اچھی کرکٹ کھیلی ہے، جنوبی افریقا کے خلاف اچھی شروعات کرتے ہیں تو خوشی ہوگی، اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے، ہمارے پاس بہترین اسپنرز موجود ہیں۔
حشمت اللہ شاہدی نے مزید کہا کہ ہم جلدی وکٹیں لیکر اچھی شروعات کریں گے اور کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقا کو کم اسکور تک محدود رکھیں۔
افغانستان کا اسکواڈ
افغانستان ٹیم میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اتل، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، عظمت اللہ عمرزئی، گلبدین نائب، محمد نبی، راشد خان، نور احمد، فضل حق فاروقی شامل ہیں۔
جنوبی افریقا کا اسکواڈ
جنوبی افریقی ٹیم میں ریان ریکیلٹن، ٹونی ڈی زورزی، ٹمبا باوُوما (کپتان)، راسی وان ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، ویان ملڈر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کگیسو ربادا، لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور افغانستان کے درمیان اب تک پانچ ون ڈے کھیلے گئے، 3 جنوبی افریقا نے جیتے جبکہ 2 میں افغانستان کی ٹیم نے میدان مارا۔
واضح رہے کہ یہ گروپ بی کا پہلا میچ ہے۔ اس سے قبل گروپ اے کے دو میچز ہوچکے ہیں، پہلا میچ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ تھا جس میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی تھی جبکہ دوسرا میچ بھارت بمقابلہ بنگلہ دیش تھا جس میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے مات دے دی تھی۔
Comments are closed on this story.