Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

فلپائن میں ڈینگی کے خلاف انوکھی مہم: مچھر مار کر لائیں اورنقد انعام پائیں

مردہ یا زندہ مچھروں اور ان کے لاروا دونوں پر انعام دیا جائے گا، حکام
شائع 20 فروری 2025 05:16pm

فلپائن کے ایک گنجان آباد قصبے نے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کے لیے مچھروں کے شکار پر نقد انعام کا اعلان کردیا

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس علاقے میں حکام ڈینگی کے پھیلا کو روکنے کی کوشش کے طور پر مچھروں کو مارنے پر نقد انعام کی پیشکش کر رہے ہیں۔

منیلا کے علاقے برانگے ایڈیشن ہلز کے علاقے میں 5 مچھر لانے پر ایک پیسو (2امریکی سینٹ)انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ پیشکش ایک ماہ تک جاری رہے گی اور اس دوران مردہ یا زندہ مچھروں اور ان کے لاروا دونوں پر انعام دیا جائے گا۔

بعد ازاں زندہ مچھروں کو الٹرا وائلٹ لائٹ کے ذریعے مار دیا جائے گا، اب تک 21 افراد 700 مچھر اور لاروا لا کر انعام حاصل بھی کر چکے ہیں۔

یہ پروگرام علاقے میں ڈینگی کے باعث 2 طلبا کی موت کے بعد شروع کیا گیا ہے۔مقامی حکام نے اس اقدام سے متعلق کہا ہے کہ یہ مقامی آبادی کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔