Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

مختلف آپشنز پر غورکر رہے، ابھی احتجاج کافیصلہ نہیں ہوا، جنید اکبر

ہمارے ملک کی آبادی 17 سے 18 کروڑ ہے، ڈاکٹر اشفاق حسن ، آج ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
شائع 19 فروری 2025 11:06pm

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور خیبر پختنونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ احتجاج کے حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور ہیں، ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی جو بھی حکم دیں گے، اس پر عمل کریں گے، عمران خان سے ملاقات ہوگی تو شیر افضل مروت کے پارٹی میں واپسی کے حوالے میرٹ پربات کروں گا۔

آج ٹی وی کے پروگرام ’نیوز انسائٹ ودعامر ضیا‘ کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ فوادچوہدری کو پی ٹی آئی قیادت پر تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی، ہر انسان میں غلطیاں یا خامیاں ہوسکتی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی قیادت سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات چلتے رہتے ہیں، ہر بندے کو پارٹی میں آگے بڑھنے کا بھی موقع ملتا ہے، جس پر بھی عمران خان کا ہاتھ ہوگا، پارٹی کارکن اس کے ساتھ ہوں گے۔

جنید اکبرخان نے کہا ہے کہ ہماری تیاری پوری ہے، مختلف جماعتوں سے بات چیت اور میٹنگز جاری ہیں، ہوسکتا ہے عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے کے لئے نکلیں، اسلام آباد یا کے پی میں احتجاج کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں وسائل کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر ہے، ہر صوبے کی خواہش ہوتی ہے کہ آبادی زیادہ دکھائیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہماری آبادی 25 کروڑ نہیں، بلکہ ہمارے ملک کی کل آبادی 17 سے 18 کروڑ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ماضی میں ہر گھرانے نے راشن کارڈ میں زیادہ لوگ ڈالے ہوئے تھے، 51ء میں آبادی کی بنیاد پروسائل کی تقسیم نہیں ہوئی تھی، 72ء کی مردم شماری کے بعد آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

ان کا کہناتھا کہ دنیا کے 28 ممالک میں وسائل کی تقسیم ہوتی ہے، کہیں بھی آبادی کی بنیاد پر وسائل تقسیم نہیں کیے جاتے ہیں، بھارت نے بھی حکمت عملی تبدیل کرلی تھی۔

اشفاق حسن خان نے کہا کہ ہمیں صوبوں میں آمدنی کا فرق ختم کرنا چاہیے، پنجاب آبادی کے لحاظ سے دنیا میں بارہویں نمبرپر ہے، ہماری آبادی بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے، ملک میں جتنے چھوٹے یونٹس بنائیں گے، اتنی ہی گورننس بہتر ہوگی۔

AAJ NEWS

Aaj News program

TV Show

aaj Tv