چیمپئنزٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان پہلے امتحان میں ناکام، 60 رنز کے بڑے مارجن سے شکست
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اپنے پہلے امتحان میں ناکام ہوگئی، نیوزی لینڈ نے قومی ٹیم کو 60 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی ٹیم نے 5 وکٹوں پر 320 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا جبکہ آخری 10 اوورز میں پاکستانی بولرز کی 113 رنز کی پٹائی ہوئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 260 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا، پاکستان کو پہلی کامیابی اسپنر ابرار احمد نے دلائی اور 39 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے والے ڈیون کونوے کو کلین بولڈ کردیا۔
اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف ایک رن پر وکٹوں کے پیچھے کپتان رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد 73 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، ڈیرل مچل 10 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد کیوی بیٹنگ لائن سنبھل گئی، ول یونگ اور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ول یونگ ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں، ٹام لیتھم نے بھی اپنی شاندار سینچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، وہ 103 گیندوں پر 115 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گلین فلپس نے بھی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 38 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ محمد ابرار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان کی بیٹنگ
نیوزی لینڈ کے 321 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو پہلا دھچکا فخرزمان کی صورت میں لگا جو فیلڈنگ کے دوران انجری کی وجہ سے میدان سے باہر چلےگئے تھے اور قانون کے مطابق ابتدائی 20 منٹ تک بیٹنگ نہیں کرسکتے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور انتہائی سست روی سے اسکور بورڈ کو آگے بڑھاتے رہے، فخرزمان کی غیر موجودگی میں سعود شکیل نے بابراعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔
سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ بھی 14 گیندوں پر صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 69 رنز پر گری، فخر زمان بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے اور وہ 41 گیندوں پر صرف 24 رنز ہی بناسکے، جس کے بعد سلمان علی آغا نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ 28 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
ان کے بعد آنے والے طیب طاہر بھی جلد ہی وکٹ گنوا بیٹھے اور ایک رن پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد میچ کے آغاز سے ہی سست بیٹنگ کرنے والے بابراعظم آؤٹ ہونے تک مشکل میں دکھائی دیے، انہوں نے نصف سنچری تو اسکور کی لیکن اپنی ٹیم کو مشکلات سے نہیں نکال سکے۔

بابراعظم بھی 153 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، وہ گیندوں پر 71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 200 رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے جنہوں نے میچ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، خوشدل نے 49 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔
پاکستان کی نویں وکٹ 260 رنز پر گری جب حارث رؤف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح 321 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 48 ویں اوورز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں نیوزی لینڈ نے میچ 60 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور ول او رورکے نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،میٹ ہینری نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مائیکل بریسویل اور ناتھن اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے، وہ 118 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
فخر زمان انجری کا شکار
دریں اثنا، پاکستانی بلے باز فخر زمان میچ کی ابتدا میں ہی فیلڈنگ کے دوران گر کر انجری کا شکار ہوگئے۔
فخر زمان فیلڈنگ کے دوران پٹھوں میں کھنچاؤ کا شکار ہوئے، پاکستانی اوپنر کچھ دیر بعد فیلڈ پر آئے لیکن پھر واپس چلے گئے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے پٹھوں میں کھنچاؤ کی جانچ کی جا رہی ہے، ان کی حالت کے بارے میں مزید معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔
میچ کا ٹاس
پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میچ کے دباؤ کو محسوس نہیں کر رہی اور جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کو ایک بڑا ٹورنامنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
ٹیم کمبینیشن کے حوالے سے کپتان نے کہا کہ ٹرائی سیریز سے کافی کچھ سیکھا ہے اور اس تجربے کو بروئے کار لا کر بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر نیوزی لیںڈ کے کپتان مچل سینٹنز نے کہا کہ کراچی اسٹیڈیم کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے، رات میں اوس ہوگی، ٹیم میں فاسٹ بولر میٹ ہنری کی واپسی ہوئی ہے، میچ میں فتح کے لیے پُر امید ہیں، کوشش ہوگی میزبان پاکستان کے خلاف بڑا ٹارگٹ رکھیں اور پریشر میں لائیں۔
پاکستانی اسکواڈ:
قومی ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان مچل سینٹنر، ول ینگ، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، نیتھن اسمتھ اور ول او آرک شامل ہیں۔
اب تک کس ٹیم کا پلڑا بھاری
اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 118 میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، 61 میچز میں قومی ٹیم نے میدان مارا جبکہ 53 میچز نیوزی لینڈ کے نام رہے، ایک میچ ٹائی اور 3 میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے۔
دریں اثنا، چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور ان کی صاحبزادی رکن قومی اسمبلی آصف بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی، آخری چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹرافی کی رونمائی کی۔

میچ کے آغاز سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، پاک فضائیہ کی شیردل ٹیم نے فضاء میں سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرتے ہوئے پاکستانی قوم کو سلام پیش کیا۔

اس کے علاوہ شیردل ٹیم نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے شاہین بریک کا بھی مظاہرہ کیا، جے ایف 17، ایف 16 اور شیردل شاہینوں نے پوری قوم کا لہو گرمایا جب کہ جے ایف -17 تھنڈر طیارہ بھی فلائی پاسٹ میں شریک تھا۔
چیمپئنزٹرافی میں شریک ٹیموں کے کپتانوں کا اینی میٹڈ پرومو بھی جاری
علاوہ ازیں، آئی سی سی نے چیمپئنزٹرافی میں شریک ٹیموں کے کپتانوں کا اینی میٹڈ پرومو بھی جاری کردیا ہے۔
ویڈیو میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان سمیت تمام کپتانوں کے اینی میٹڈ کیریکٹرز پیش کیے گئے ہیں، منفرد انداز میں کپتانوں کا فیورٹ شاٹ بھی دکھایا گیا ہے۔
پاکستان کے کپتان محمد رضوان پرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ٹیم سے توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں، لیکن سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 29 سال بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سج گیا، جس کے 9 ویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ہوچکا ہے، جس میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔
انیس فروری سے نو مارچ تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں کرکٹ کے دیوانوں کے لیے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ چھکے، چوکے لگیں گے، وکٹیں گریں گی، اور میدان میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملے گا۔
Comments are closed on this story.