Aaj News

منگل, اپريل 22, 2025  
23 Shawwal 1446  

سعودی عرب کا پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو خط لکھ کر باقاعدہ آگاہ کردیا اور وزیراعظم نے کابینہ کو اس حوالے سے تفصیل بتائی
شائع 18 فروری 2025 09:31pm

سعودی عرب نے پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر 10 کروڑ ڈالر کی ماہانہ پیٹرولیم مصنوعات فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جہاں انہوں نے اجلاس کو سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی طرف سے انہیں بھیجے گئے خط کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے اپنے خط میں پاکستان کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کے لئے 100 ملین امریکی ڈالرز ماہانہ فراہمی کی تجدید کے بارے بتایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس حوالے سے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور سعودی قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں، سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

وفاقی کابینہ اعلامیے کے مطابق اجلاس کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای-آفس کے استعمال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی تمام ڈویژنز میں ای-آفس کا استعمال 98 فیصد تک پہنچ چکا یے اور 39 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہے۔

ورلڈ بینک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، وزیراعظم کا اظہار تشکر

اجلاس کو بتایا گیا کہ بین الوزارتی روابط کے حوالے سے 21 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہو چکا ہے اور وفاقی وزارتوں کے ماتحت اداروں اور حکومتی ملکیتی اداروں میں ای- آفس کے نفاذ کا آغاز کیا جا چکا ہے جن میں سے 176 اداروں میں ای- آفس کا نفاذ مکمل کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک پاکستانی مشنز میں خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تمام نظام کی ڈیجیٹائز یشن کی جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکے۔

شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور محکموں میں ای - آفس کا نفاذ 20 مارچ 2025 تک 100 فیصد مکمل کیا جائے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر بین الاقوامی سمندری پانیوں میں متنوع سمندری وسائل کی حفاظت اور ان کے پائیدار استعمال کی حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قانون کے تحت بین الاقوامی قانونی معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارت تعلیم کی سفارش پر کامران جہانگیر کی بطور مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن اور ڈاکٹر شاہد اسلم مرزا کی بطور مینجنگ ڈائریکٹر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق میں بطور ممبر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری تعیناتی کے لیے 6 ناموں کو وزیراعظم اور پارلیمنٹ میں لیڈر آف اپوزیشن کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں وزارت داخلہ کی سفارش پر صومالیہ کے لیے نیشنل آئیڈینٹیی سسٹم کے حوالے سے اڈینڈم 2 پر دستخط کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے معزز اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں اور وزارت قومی صحت کی سفارش پر وطیم میڈیکل کالج راولپنڈی کی رجسٹریشن کے لیے نظر ثانی درخواست قانون کی مطابق کارروائی کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بھجوانے کی منظوری دے دی-

اسی طرح وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سفارش پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے انتخابات میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے کمیشن آف انکوائری تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی-

وزیراعظم کی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے سربراہ سے ملاقات، مزید 20 ارب ڈالر ملنے کی امید

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر ان لینڈ ریونیو اپیلیٹ ٹریبیونل (اپوائنٹمنٹ، ٹرمز اینڈ کنڈیشنز آف سروس) رولز 2024 میں ترامیم کی منظوری بھی دے دی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 فروری 2025 کو ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی-

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 17 فروری 2025 کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی-

Saudia Arabia

Saudi Arabia

اسلام آباد

Muhammad bin Salman

Mohammad Bin Salman

PM Shehbaz Sharif

Prince Mohammed bin Salman