Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

یوکرین میں جنگ کے خاتمے کیلئے سعودی عرب کی میزبانی میں روس اور امریکا کی بیٹھک

شہزادہ محمد بن سلمان اور سرگئی لاروف نے یوکرائن جنگ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا
اپ ڈیٹ 18 فروری 2025 09:36pm

**ریاض؛ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یوکرائن جنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، سعودی ولی عہد نے اور امریکہ روس مذاکرات کو بھی سراہا۔ **

غیرملکی نیوزایجنسی کے مطابق منگل کو روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ودیگر پر مشتمل ٹیم سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارت کار بھی شریک ہوئے.

اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےدرمیان بھی ملاقات ہوئی، شہزاد سلمان نے امریکہ روس مذاکرات کو سراہا، امریکا اور روس کے اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان سعودی عرب میں ہونی والی اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور یوکرین جنگ خاتمے کی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔

یوکرین تنازع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، قومی سلامتی مشیر مائیک والٹز، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف پر مشتمل امریکی ٹیم سے آج ملاقات ہوئی ہے۔

اس حوالے سے دونوں فریقوں کا کہنا ہے کہ پہلی اعلیٰ سطح کی ملاقات کے نتیجے میں کسی پیش رفت کا امکان کم ہے اور کسی بھی حتمی مرحلے تک پہنچنے میں وقت لگے گا۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ آج کی میٹنگ مذاکرات کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ دیکھا جائے گا کہ آیا روس یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ اس بات چیت میں یوکرین کو مدعو نہیں کیا گیا ہے جس پر یوکرینی صدرزیلنیسکی کا کہنا ہے کہ ریاض بات چیت سے متعلق انہیں کچھ علم نہیں اور یوکرین کو شامل کیے بغیر اس کے بارے میں کسی بھی چیز یا معاہدے کو تسلیم نہیں کرسکتے۔

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ اگر کیف اس ہفتے کی بات چیت میں شامل نہیں ہوتا تو ان کے ملک اس کا کوئی نتیجہ قبول نہیں کرے گا۔ یورپی اتحادیوں نے بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ انہیں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

یوکرین کے علاوہ، اس ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ یہ توقع کی جا رہی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بحال کرنے پر زور دیا جائے گا، جن کے تعلقات دہائیوں میں سب سے نچلے سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

روس-امریکہ تعلقات کی بہتری

ملاقات کے بعد ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ دونوں فریقوں نے تین بڑے اہداف پر اتفاق کیا جس میں اپنے متعلقہ سفارت خانوں میں عملے کی تعداد کو بحال کرنا، یوکرین کے امن مذاکرات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دینا، اور قریبی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینا شامل ہے۔

روبیو نے کہا، اگر اس تنازعے کا کوئی قابل قبول اختتام ہو جائے، تو روس کے ساتھ جغرافیائی سیاسی مسائل پر شراکت داری اور اقتصادی مسائل پر تعاون کے لیے جو زبردست مواقع موجود ہیں، وہ دنیا کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں اور طویل مدتی میں ہمارے تعلقات کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔

Saudi Arabia

Russia Ukraine War