Aaj News

ہفتہ, اپريل 19, 2025  
20 Shawwal 1446  

کراچی میں ڈمپرز حادثات کا معاملہ سنگین، شرجیل میمن کی فاروق ستار کے ساتھ پریس کانفرنس

ہیوی ٹریفک بند کردیں تو ملک کی امپورٹ ایکسپورٹ رک جائے گی، شرجیل میمن
شائع 18 فروری 2025 05:51pm

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حادثات تو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں، چند دنوں سے خاص کوریج کی جارہی ہے، صورتحال سے کہیں کوئی تیسری طاقت فائدہ نہ اٹھالے، جیل چورنگی پر ٹینکر جلانے میں ملوث 15 افراد گرفتارکرلیے، کسی حادثے کو لسانی یا کوئی اور اینگل نہیں دینا چاہیئے، حادثات پر سیاسی بیان بازی نہ کی جائے، ہیوی ٹریفک بند کردیں تو ملک کی امپورٹ ایکسپورٹ رک جائے گی۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آج تمام سیاسی جماعتوں کا تفصیلی اجلاس ہوا، ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں مختلف مسائل خصوساً ٹریفک حادثات پر بات ہوئی، اے این پی، ایم کیوایم اور جماعت اسلامی نے تحفظات کا اظہار کیا، اجلاس سے واضح پیغام جائے گا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ شہر میں امن وامان برقرار رہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حسن اتفاق ہے کہ روزانہ حادثات ہورہے ہیں اور انہیں نمایاں کیا جارہا ہے، حادثات نہیں ہونے چاہیے لیکن گزشتہ چند دنوں سے جس طریقے حادثات کی کچھ خاص کوریج ہورہی ہے، یا تو یہ حادثات ماضی میں اگر نہیں ہوتے تھے تو اچانک اتنے زیادہ کیوں ہونے لگے۔

انہوں نے کہا کہ ایک حادثہ بھی نہیں ہونا چاہیے اور ہر انسانی جان قیمتی ہے، ہم مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کا امن وامان برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔

متحدہ کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا پھر ٹرانسپورٹر حضرات کی جانب سے کسی بیان کا فائدہ تیسرے قوت نہ اٹھائیں جو امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتی ہے کیوں کہ اس ملک کے دشمن ممالک بہت ہیں اور ان کے ادارے ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں وہ موقع کی تلاش میں ہیں لہذا حکومت ہر پہلو کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ آج کی ملاقات کے بعد یہ واضح پیغام جائے گا کہ ہم سب ایک ہیں اور پاکستانی ہیں، حادثات نہ ہوں اور ایک بھی نہ ہو، اگر حادثہ ہوتا بھی ہے تو اسے لسانی، سیاسی یا کسی اور قسم کا رنگ نہیں دیا جائے گا جس پر اس شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر نے آج اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 5 سے 6 واٹر ٹینکرز کو جلایا گیا، گزشتہ روز حادثے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ جلاؤگھیراؤ کرنے والے 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

فاروق ستار

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر اسلام آباد سے یہاں پہنچا، آج اجلاس میں کچھ تاخیر سے پہنچا، یہ اہم نہیں کہ یہ مسئلہ سیاسی ہے یا انتظامی، میری نظر میں یہ مسئلہ انسانی مسئلہ ہے، حادثات میں 100 سے زائد افراد سے زندہ رہنے کا حق چھینا گیا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بروقت اقدامات ہوتے تو اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا، چیک ہونا چاہیئے کہ ڈرائیورز کے پاس لائسنس ہے یا نہیں، ڈرائیور وقت کی پابندی کررہے ہیں یااپنی مرضی؟ یہ سب چیک کرنا حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے اپنی ذمہ داری قبول کرے، کاش پہلے بیٹھ گئے ہوتے تو شاید اتنی جانیں ضائع نہیں ہوتیں، ہمیں مل کر متاثرین کی گھروں پر جاکر داد رسی کرنا چاہیئے، تشدد کی ہم بھی مذمت کرتے ہیں، کسی بھی مسئلے کو لسانی رنگ دینے کی حمایت نہیں کرتے، حکومت سے یقین دہانی چاہیئے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھےگی۔

کراچی میں حادثات و جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے حوالے سے اہم اجلاس

قبل ازیں کراچی میں حادثات و جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایات پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔

غیر رجسٹرڈ گاڑی ضبط ہوگی، بنا لائسنس کے گاڑی چلانے والا گرفتار ہوگا، شرجیل میمن

اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی سی پی او جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ بھی شریک ہوئے۔

پوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی، اے این پی رہنما شاہی سید اور جماعت اسلامی کے ایم پی اے محمد فاروق بھی اجلاس میں شریک ہوئے، ان کے علاوہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے لیاقت محسود، سردار عبدالحمید، غلام محمد آفریدی، الحاج یوسف خان اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کراچی میں ہونے والے حادثات، ہیوی ٹرانسپورٹ کے اوقات کار اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کے دوران کراچی شہر میں حالیہ حادثات اور اس کے بعد جلاؤ گھیراؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے جیل چورنگی پل پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور شہری جان جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکروں کو آگ لگادی تھی۔

Sharjeel Memon

Farooq Sattar

tanker and dumper

tanker fire