Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
29 Ramadan 1446  

جس دن ہماری حکومت آئے گی 26 ویں آئینی ترمیم واپس کریں گے، عمر ایوب

بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقاتیں روک دی گئی ہیں، عمر ایوب
شائع 18 فروری 2025 12:52pm

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی سے بیک ڈور ملاقاتیں نہیں کر رہی، ہم قید ساتھیوں کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقاتیں روک دی گئی ہیں، جو کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ اگر ان کی جماعت کو حکومت ملی تو وہ 26 ویں آئینی ترمیم کو واپس لے لیں گے۔ انہوں نے پولیس گردی کو ملک بھر میں عروج پر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے، اور عوام مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگ پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں، لیبیا میں کشتی ڈوبنے کا واقعہ اس مسئلے کی واضح مثال ہے۔ ان کے مطابق 29 ارب ڈالر ملک سے باہر منتقل ہوچکے ہیں، جبکہ نوجوان لاکھوں روپے دے کر بیرون ملک جا رہے ہیں کیونکہ پاکستان میں قوت خرید مسلسل کم ہورہی ہے۔

ملٹری کورٹس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سویلین کیسز کو عام عدالتوں میں چلایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے اپوزیشن پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اصل مسائل پسِ پشت چلے گئے ہیں۔

عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے اور وہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف وفد نے بھی عدلیہ کے معاملات پر بات کی ہے اور اس وقت پاکستان میں رول آف لاء موجود نہیں ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ رمضان کے بعد ایک بھرپور سیاسی مہم چلائی جائے گی اور تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہوچکی ہیں۔ انہوں نے اسمبلی میں ووٹ کاسٹ کے عمل کو روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مخالف تحریک مزید شدت اختیار کرے گی۔

umar ayub

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)