Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

لکی مروت میں کنال کا پانی بند، اہل علاقہ نے احتجاجاً گیس سپلائی روک دی

احتجاج کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر اسلحہ ساتھ لانے اور گولی کا جواب گولی سے دینے کے اعلانات
شائع 18 فروری 2025 12:06pm

لکی مروت میں مروت کنال کا پانی بند ہونے پر مقامی افراد سراپا احتجاج بن گئے۔ مروت بیٹنی قومی تحریک نے بیٹنی آئل اینڈ گیس فیلڈ کی سپلائی روک دی ہے اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات بھی ناکام ہو چکے ہیں۔

مروت بیٹنی قومی تحریک کے چیئرمین انعام خان کا کہنا ہے کہ جب تک مروت کنال کا پانی نہیں چھوڑا جاتا، تب تک آئل اور گیس کی سپلائی بحال نہیں کی جائے گی۔

احتجاجی مظاہروں میں شدت کے باعث پولیس کی جانب سے ممکنہ آپریشن کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جس پر عمائدین نے اہلِ علاقہ کو اسلحہ ساتھ لانے کی ہدایت کر دی ہے۔

انعام خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بنوں اور لکی مروت کی پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے آ رہی ہے اور اہل علاقہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلحہ سمیت احتجاج میں شرکت کریں۔

کرم: بگن میں قافلے پر حملے میں 4 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید، 15 زخمی، علاقے میں صورتحال کشیدہ

احتجاج کے دوران لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ گولی کا جواب گولی سے دیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ مظاہرین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ان کا کام ہے، جبکہ پولیس صرف سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ بنوں سے اضافی پولیس فورس طلب کرنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت افواہیں ہیں۔

احتجاج کے باعث علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Lakki Marwat

protest