Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
02 Dhul-Qadah 1446  

کراچی میں ڈکیتی کی بڑی وارداتیں، کروڑوں روپے کی لوٹ مار

ڈکیتی کی 300 وارداتوں میں ملوث دو ملزمان گرفتار
شائع 18 فروری 2025 08:53am

کراچی میں ڈاکو بے لگام ہو گئے، مختلف وارداتوں میں کروڑوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔ ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں تاجر کے گھر مسلح ملزمان نے گھس کر دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم، گاڑی اور موبائل فون لوٹ لیا، جبکہ کورنگی میں پیٹرول پمپ کے ملازمین سے ساڑھے باون لاکھ روپے چھین لیے گئے۔ پولیس نے 300 واردوتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ٹیپو سلطان سوسائٹی میں تاجر کے گھر ڈکیتی

کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان میں ایڈمنسٹریٹر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک تاجر کے گھر مسلح ڈاکووں نے ڈکیتی کی بڑی واردات کی۔ تین مسلح ملزمان تیمارداری کا بہانہ بنا کر گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ متاثرہ تاجر شان الحق کے مطابق، کاروباری ملاقات کے دوران تعلق قائم کرنے والے مدثر نامی شخص نے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر گھر میں لوٹ مار کی۔

ملزمان نے الماریوں اور دیگر جگہوں سے دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم نکالی، جبکہ گھر میں بیمار بہن سے بھی دو لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ جاتے ہوئے ڈاکو متاثرہ تاجر کی ٹویوٹا کرولا گاڑی اور ذاتی موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ واقعے کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، تاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ڈمپر مافیا کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کی آل پارٹیز کانفرنس، کراچی کے نوجوانوں کو سٹی وارڈن بھرتی کرنے کا مطالبہ

کورنگی میں پیٹرول پمپ کے کیشئیرز سے لوٹ مار

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک اور بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی، جہاں پیٹرول پمپ کے ملازمین سے اسلحہ کے زور پر 55 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔ پولیس کے مطابق، پیٹرول پمپ کے ملازمین موٹر سائیکل پر کیش لے کر بینک جا رہے تھے کہ کار سوار ملزمان نے انہیں راستے میں روک لیا اور اسلحے کے زور پر نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق، پیٹرول پمپ انتظامیہ نے اتنی بڑی رقم لے جانے سے پہلے نہ تو پولیس کو اطلاع دی اور نہ ہی کسی سیکیورٹی گارڈ کا بندوبست کیا، جس کی وجہ سے ڈاکو آسانی سے واردات میں کامیاب ہو گئے۔

ڈکیتی کی 300 وارداتوں میں ملوث دو ملزمان گرفتار

کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی 300 وارداتوں میں ملوث دو انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان کئی عرصے سے کراچی میں ڈکیتیوں میں ملوث تھے اور ان کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں تک بھی پہنچا جا سکے۔

کراچی میں ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کچل دیا، مشتعل افراد نے 5 ٹینکر جلا دیئے

کراچی میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

karachi

Robbery