بھارت: اوڑیسہ یونیورسٹی میں نیپالی طالبہ کی خودکشی کے بعد حالات کشیدہ
بھارتی ریاست اوڑیسہ کی کالینگا انسٹی ٹیوٹ آف انڈسٹریل ٹیکنالوجی کیمپس میں نیپالی طالب علم کی خودکشی کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق نیپالی طلباء نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا، جس کی وجہ اوڑیسہ، بھارت میں واقع کے آئی آئی ٹی یونیورسٹی میں طلباء کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی ہے۔ نیپال کی تیسری سال کی بی ٹیک طالبہ، پراکریتی لامسال، نے یونیورسٹی میں ایک طالب علم کی جانب سے بدسلوکی کا سامنا کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس سامنے آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لامسال کو اس کے سابق بوائے فرینڈ کی طرف سے ہراساں کیا جا رہا تھا۔
اس کے کزن نے بھی شکایت درج کرائی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے ایک مرد طالب علم کے ہاتھوں بلیک میل کی جا رہی تھی، جس کے نتیجے میں اس نے خود کو پھانسی لگا لی۔
کے آئی آئی ٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بھی اسی طرح کے دعوے کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا، ”کل ایک نیپالی طالبہ جو بی ٹیک کے تیسرے سال میں تعلیم حاصل کر رہی تھی، نے ہوسٹل میں خودکشی کر لی۔ یہ شبہ کیا جا رہا ہے کہ طالبہ کا کے آئی آئی ٹی میں پڑھنے والے دوسرے طالب علم کے ساتھ کوئی محبت کا رشتہ تھا۔ یہ بھی شبہ ہے کہ کسی وجہ سے طالبہ نے خودکشی کی ہو گی۔“
سینئر حکام نے بھی طلباء سے اپیل کی کہ وہ امن قائم رکھیں، کیونکہ ان کے احتجاج نے گزشتہ رات کیمپس میں کشیدگی پیدا کر دی تھی۔ حکام نے قانون اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے دو پلاٹون پولیس اہلکار تعینات کیے۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے، یونیورسٹی نے کہا کہ اس نے نیپال سے تعلق رکھنے والے طلباء کو واپس اپنے وطن جانے کو کہا، جس کے بعد نیپالی طلباء کو دو بسوں میں سوار کر کے آج صبح کٹک ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا گیا۔
Comments are closed on this story.