Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
29 Ramadan 1446  

راولپنڈی کنٹونمنٹ میں پانی کی شدید قلت، خشک سالی کے باعث ایمرجنسی نافذ

واسا راولپنڈی نے بھی خشک سالی کے باعث ڈراؤٹ ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے
شائع 17 فروری 2025 11:15am

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے علاقے میں جاری خشک سالی کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ حکام کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ روزانہ 7 لاکھ آبادی کو پانی فراہم کر رہا ہے، تاہم پانی کی طلب اور دستیاب وسائل میں واضح فرق پیدا ہو چکا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کو یومیہ 50 ملین گیلن پانی درکار ہے، مگر خان پور ڈیم سے صرف 11.28 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹیوب ویلز سے 1.5 ملین گیلن پانی دستیاب ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر بورڈ کے پاس صرف 12.81 ملین گیلن پانی موجود ہے، جو ضرورت سے کہیں کم ہے۔

پانی کی قلت کے باعث کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط کریں اور غیر ضروری ضیاع سے گریز کریں۔

ادھر، واسا راولپنڈی نے بھی خشک سالی کے باعث ڈراؤٹ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ اگر فروری اور مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں تو شہر میں پانی کا بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو سکتی ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق راولپنڈی میں پانی کی یومیہ طلب 68 ملین گیلن ہے، مگر دستیاب پانی صرف 51 ملین گیلن ہے، جو راول ڈیم، خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلز کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔ خشک سالی کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح 700 فٹ تک نیچے جا چکی ہے، جس کے باعث پانی کے غیر ضروری استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

پانی کے ضیاع پر اب تک دو افراد کے چالان کیے جا چکے ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط کریں اور واسا کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ مزید برآں، خان پور ڈیم کی بھل صفائی کے سبب 22 فروری تک پانی کی سپلائی بھی معطل رہے گی۔

rawalpindi

cantonment board

Water Emergency