یوٹیلیٹی اسٹورز یونین کا ملک گیر احتجاج، دھرنے کی دھمکی
یوٹیلیٹی اسٹورز ورکر یونین نے ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کیا گیا۔ ملازمین اسلام آباد ہیڈ آفس بلیو ایریا کے سامنے احتجاج کیا، جبکہ دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ ملازمین نے کہا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج دھرنے کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
ورکرز یونین کا کہنا ہے کہ حکومت نے تنظیم نو کے نام پر تین ہزار سے زائد ملازمین کو برطرف کر دیا ہے، جس سے ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ یونین نے برطرفیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔
سیکریٹری جنرل نیشنل ورکرز یونین راجا مسکین نے گزشتہ روز کہا تھا کہ برطرفیوں کے خلاف این آئی آر سی میں کیس دائر کیا جا رہا ہے، اور حکم امتناع کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک برطرف ملازم جنید قریشی نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی، اور اس واقعے کی ایف آئی آر حکومت اور انتظامیہ کے خلاف درج کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں اصلاحات کے تحت پہلے مرحلے میں تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کر دیا ہے، جبکہ مستقبل میں مزید برطرفیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed on this story.