طالبان حکومت میں پاکستان پر دہشت گردی کے 600 حملے ہوئے ہیں، سلمان جاوید
تجریہ کار اور ماہر افغان امور سلمان جاوید نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی سے پاکستان، ایران سمیت پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں، ایک عرب استاد دہشت گردوں کو تربیت بھی دے رہے ہیں، طالبان کی عبوری حکومت کے آنے کے بعد گذشتہ 4 برس میں پاکستان میں دہشت گردی کے 600 کے قریب حملے ہوئے ہیں، افغانستان میں اس وقت القاعدہ اور داعش کے گروہ، بی ایل اے کا مجید بریگیڈ کے گروپ سرگرم ہیں۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’دس‘ کے میزبان عمران سلطان سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان جاوید نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی ، بی ایل اے کا ونگ مجید بریگیڈ اور جماعت انصار اللہ یہ سب تنظیمیں پاکستان پر حملہ آور ہیں، تحریک طالبان پاکستان اور افغان طالبان کو باہمی اتحاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس، چین اور پاکستان کا افغانستان میں کردار اہم ہے، اس کے ساتھ ساتھ یواے ای، قطر اور سعودی عرب کا بھی بڑا اہم کردار ہے، یہ سارے ممالک افغانستان میں بڑے اسٹیک ہولڈرز کے طور پر موجود ہیں، افغانستان میں کچھ بھی ہو تو اس کے اثرات پاکستان، روس اور ایران پر ضرور آتے ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے بعد دیکھنا پڑے گا کہ یہ ممالک اب کیا کرتے ہیں، اس حوالے سے پاکستان نے آواز اٹھائی ہے۔
ماہر افغان امور کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کے پاس وسائل اور اتنا پیسہ نہیں ہے کہ وہ اس طرح کی کارروائیاں کرسکیں، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو بھی بھارت بھاری فنڈنگ کر رہا ہے، کروڑوں ڈالرزکا جدید امریکی اسلحہ القاعدہ اور طالبان حکومت کے پاس موجود ہے۔
ترجمان حماس ڈاکٹر خالد قدومی کی گفتگو
ترجمان حماس ڈاکٹر خالد قدومی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، امریکا بھی فلسطینیوں کی نسل کشی کے لئے نیتن یاہو کی مکمل حمایت کر رہا ہے، مہاجرین کی گھروں کی واپسی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہے، ہمیں ٹرمپ کے رویے سے سارے معاملے اور ان کے عزائم کا پتا چل رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل پانچ سپر پاورز کا پروجیکٹ ہے، نیتن یاہو مسلسل وعدہ خلافی کر رہا ہے، عام شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے، ہم نے ثالثین کو امریکی اور اسرائیل کی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کر دیا ہے۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا دنیا کے امن کے لئے بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ جدید امریکی اسلحہ بیچنا چاہتا ہے، اسرائیل کو خطرناک اسلحہ فراہم کیا جارہا ہے، یہ غزہ کو خالی کرانا چاہتے ہیں۔
Comments are closed on this story.