دنیا کا واحد شہر جو خلا کے سب سے قریب ہے
زمین، سیارے اور کہکشائیں ہمیشہ سے انسانی تجسس کا مرکز رہی ہیں۔ خلا کی وسعت، سیاروں کی منفرد خصوصیات اور کائنات کے حیرت انگیز رازوں نے ہمیشہ نوجوان ذہنوں کو محوِ حیرت رکھا ہے۔ ناسا کے مطابق، کائنات میں موجود تمام مادی اور غیر مادی عناصر، یہاں تک کہ وقت بھی شامل ہے، سب کچھ اسی کا حصہ ہیں۔
سائنسدانوں نے تابکار عناصر کی تحلیل کا مطالعہ کرکے معلوم کیا ہے کہ ہماری زمین اور نظام شمسی تقریباً 4.6 بلین سال پہلے وجود میں آئے۔
زمین کا خلا کے قریب ترین مقام
ایک مقامی جریدے ایک رپورٹ کے مطابق، ’لا رینکونادا‘ دنیا کا وہ شہر ہے جو خلا کے سب سے قریب واقع ہے۔ یہ شہر جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں واقع ہے اور سطح سمندر سے 5,500 میٹر (18 ہزار فٹ) کی بلندی پر موجود ہے۔
یہ علاقہ شدید سرد موسم کا سامنا کرتا ہے، جہاں سال بھر درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب رہتا ہے، جو یہاں زندگی بسر کرنا انتہائی دشوار بنا دیتا ہے۔ تاہم، اس شہر کی خاص بات اس کے قریب موجود سونے کی کان ہے، جو لوگوں کو یہاں کھینچ لاتی ہے۔ یہاں آج بھی بہت سے لوگ سونے کی تلاش میں پہنچتے ہیں۔
یہاں زندگی آسان نہیں، لیکن پھر بھی ہزاروں لوگ سخت موسم اور مشکل حالات کے باوجود یہاں رہائش پذیر ہیں، صرف اس امید پر کہ وہ اپنی قسمت آزما کر کچھ سونا حاصل کر سکیں۔
’لا رینکونادا‘ نہ صرف اپنی اونچائی کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ یہاں کی سخت زندگی اور سونے کی تلاش نے بھی اسے دنیا کا ایک منفرد مقام بنا دیا ہے۔ یہ شہر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انسانی خواہش اور جستجو کی کوئی حد نہیں، چاہے وہ خلا کے قریب ترین جگہ پر ہی کیوں نہ ہو۔
Comments are closed on this story.