Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
28 Ramadan 1446  

ایم کیو ایم پاکستان کا آفاق احمد کی رہائی کا مطالبہ، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

بشریٰ زیدی کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے بعد کراچی کی سیاست میں بڑی تبدیلی آئی تھی، اور آج بھی شہر میں ویسی ہی صورتحال ہے، فاروق ستار
اپ ڈیٹ 16 فروری 2025 08:10pm
MQM-P senior leader Farooq Sattar’s press conference - Aaj News

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے رہنما آفاق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

فاروق ستار کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں کرپشن میں ملوث ہے اور کراچی کے شہریوں کو ڈمپر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے ماضی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ زیدی کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے بعد کراچی کی سیاست میں بڑی تبدیلی آئی تھی، اور آج بھی شہر میں ویسی ہی صورتحال ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو 1985 جیسے حالات دوبارہ پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم تھا، اور اب ڈمپر مافیا بے قابو ہوچکا ہے۔

فاروق ستار کے مطابق 100 سے زائد شہری ڈمپر مافیا کی نذر ہوچکے ہیں، لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈمپر مافیا کے خلاف ایک بیان تک جاری نہیں کیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر آفاق احمد کوئی بیان نہ بھی دیتے تو بھی عوام پہلے ہی مشتعل تھے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ڈمپر اور ٹینکر مافیا کو کھلی چھوٹ دے رہی ہے، اور شہریوں کی جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں۔

فاروق ستار نے آفاق احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر عوام کے مسائل حل نہ کیے گئے تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

فاروق ستار نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال کو نہ روکا گیا تو کراچی کے حالات مزید خراب ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے حالات پیدا کیے گئے تھے، اور آج ایک بار پھر مہاجر اور پختون برادری کو آپس میں لڑانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے لوگوں کو صبر کی تلقین کی، ورنہ شہر میں حالات مزید کشیدہ ہو سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر رینجرز شہر میں موجود ہے تو ان حادثات پر اسے کیوں نہیں بلایا جا رہا؟

فاروق ستار نے کہا کہ ڈمپر مافیا کو جان بوجھ کر کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے تاکہ شہر میں اشتعال انگیزی ہو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قاتلوں کی گرفتاری کے بجائے آفاق احمد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ ڈمپر جلنے کے واقعے کے پیچھے ان کا بیان نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ آفاق احمد یہ بیان نہ بھی دیتے، تب بھی یہی ہونا تھا، کیونکہ عوام پہلے ہی غم و غصے میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آفاق احمد کی گرفتاری سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا، بلکہ حکومت کو ڈمپر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی۔

شرجیل میمن کا ردِ عمل

بعدازاں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ فاروق ستار اور دیگر متحدہ لیڈران ذہن نشین کرلیں کہ الزامات سے ان کا قد اونچا نہیں ہوگا، کراچی کے عوام دہائیوں تک متحدہ کی تشدد سے بھرپور دھونس والی سیاست کے رحم و کرم پرتھے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا ہے کہ متحدہ حادثات کو بنیاد بناکر کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے، عوام جانتے ہیں کہ اصل فسادی کون ہیں؟

MQM Pakistan

Farooq Sattar

Afaq Ahmed

MQM Haqiqi