Aaj News

اتوار, مارچ 16, 2025  
15 Ramadan 1446  

چیمپئنزٹرافی کی انعامی رقم آئی پی ایل تنخواہوں سے بھی کم، بھارتی میڈیا دولت کا گھمنڈ دکھانے لگا

آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنزٹرافی کی انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا
شائع 14 فروری 2025 12:59pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنزٹرافی ٹورنامنٹ کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کیلئے انعامی رقم کا اعلان کیا گیا جس پر بھارتی میڈیا (انڈین پریمیئر لیگ) آئی پی ایل کی دولت کا گھمنڈ دکھانے لگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے اعلان کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر 69 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 22 لاکھ 40 ہزار ڈالرز جبکہ رنر اپ ٹیم کو 11 لاکھ 20 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ہارنے والی دونوں ٹیموں کو 560,000 ڈالر ملیں گے۔ گروپ مرحلے کے ہر میچ میں کامیابی پر 34,000 ڈالر کا انعام دیا جائے گا جبکہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 350,000 ڈالر اور ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو 140,000 ڈالر ملیں گے۔ تمام ٹیموں کو شرکت کے لیے 125,000 ڈالر کی رقم بھی دی جائے گی۔

لیکن بھارتی میڈیا کو چیمپئنزٹرافی کی فاتح ٹیم کو دی جانے والی انعامی رقم کم دکھائی دینے لگی اور آئی پی ایل میں کھلاڑیوں نے ملنے والی تنخواہ سے موازنہ شروع کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنزٹرافی کی انعامی رقم بھارتی کرکٹر شریاس ائیر، رشبھ پنت، اور وینکٹیش ائیر کی آی پی ایل تنخواہوں سے بھی کم ہے۔ آئیر، جنہوں نے گزشتہ سال کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی تیسری آئی پی ایل ٹرافی میں قیادت کی، پنجاب کنگز نے انہیں 26.75 بھارتی کروڑ روپے میں خریدا تھا۔رشبھ پنت آئی پی ایل کی نیلامی کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے جب فرنچائز لکھنؤ سپر جائنٹس نے انہیں 27 کروڑ روپے میں خریدا۔ جبکہ کولکتہ نائٹ رائڈرز نے بھارتی کرکٹر وینکٹیش ایر کو 23.75 کروڑ روپے میں دوبارہ خریدا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں فاتح ٹیم کو دی جانے والی انعامی رقم (بھارتی 22 کروڑ روپے) میں 53 فیصد اضافے کے باوجود رشبھ پنت، شریاس آئیر کی آئی پی ایل تنخواہ سے بھی کم ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جائے گی۔ یہ 1996 کے بعد پاکستان میں ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔

Indian Media

Indian Premier League

Icc Champions Trophy 2025

winning prize

icc announce

players salary