ودیا بالن کے بعد انیل کپور بھی ’صنم تیری قسم‘ کے پرستار نکلے
بالی وڈ کی رومانوی فلم ”صنم تیری قسم“ کی دوبارہ ریلیز نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جس کی وجہ سوشل میڈیا پر اس فلم کی مقبولیت اور بالی وڈ کے مشہور ستاروں کا فلم کو سپورٹ کرنا ہے۔
فروری کے مہینے میں ریلیز ہونے کے بعد، اس فلم نے مداحوں اور بالی وڈ کے نامور اداکاروں کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا۔ ان میں اداکارہ ودیا بالن کے بعد اب بالی وڈ کے ایورگرین اداکار انیل کپور کا نام بھی شامل ہے۔
اداکار انیل کپور نے انسٹاگرام اسٹوریز پر فلم ”صنم تیری قسم“ کا پوسٹر شیئر کیا اور اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا، ”دیپک مکٹ اور پوری ٹیم کو فلم کی دوبارہ ریلیز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔“
انیل کپور نے مزید کہا کہ ”فلم نے پہلے دن ہی مداحوں کے دل جیت لیے تھے اور اس کی کامیابی واقعی محنت کا نتیجہ ہے۔“
انہوں نے اپنی پوسٹ میں فلم کی لیڈ کاسٹ، ہرش وردھن رانے اور ماورا حسین کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمنائیں بھی ظاہر کیں۔

فلم ”صنم تیری قسم“ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس میں ہرش وردھن رانے اور ماورا حسین کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔ یہ ایک رومانوی ڈرامہ فلم ہے جس کی کہانی ایک دل دہلا دینے والی محبت کی داستان پر مبنی ہے، جس کا اختتام ایک المناک کلائیمیکس پر ہوتا ہے۔
ابتدائی طور پر 14 کروڑ روپے کے بجٹ میں بننے والی یہ فلم باکس آفس پر صرف 9.1 کروڑ کا بزنس کرکے ناکام رہی تھی، تاہم سوشل میڈیا پر اس کی ریلیز کے ذریعے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔
مداحوں کے اصرار کے بعد، فلم کو دوبارہ 7 فروری 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا۔ اور یہ ری ریلیز نے محض پانچ دنوں میں 25 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، جو اس کی زبردست کامیابی کی نشاندہی کرتا ہے۔
Comments are closed on this story.