Aaj News

بدھ, اپريل 09, 2025  
11 Shawwal 1446  

سپریم کورٹ میں نئے 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے حلف اٹھا لیا

سپریم کورٹ میں پہلی بار حلف برداری کی تقریب عدالتی احاطے کے لان میں ہوئی
اپ ڈیٹ 14 فروری 2025 12:48pm

سپریم کورٹ میں چھ نئے مستقل ججز اور ایک قائمقام جج نے حلف اٹھالیا، تمام 7ججز سے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے حلف لیا۔

سپریم کورٹ کے نئے حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس عامرفاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور، جسٹس ہاشم کاکڑ نے حلف اٹھایا۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے بطور قائم مقام جج کا حلف اٹھایا۔ تقریب میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل نے شرکت کی۔ .

سپریم کورٹ بار پاکستان بارکےعہدیداران، سینئر وکلا بھی تقریب میں شریک تھے، سپریم کورٹ میں پہلی بار حلف برداری تقریب عدالتی احاطے کے لان میں ہوئی۔

احاطہ میں چیف جسٹس پاکستان اور سات ججز کی کرسیاں لگائی گئیں، احاطہ سپریم کورٹ میں پانچ سو کرسیوں کے انتظامات بھی مکمل تھے۔

کھلے مقام پر حلف برداری کا فیصلہ مہمانوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، ججز کے اہلخانہ اور رفقا بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔

جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عاٸشہ ، جسٹس اطہر من اللہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

سپریم کورٹ میں نٸے آنے والے ججز کا بنچ تشکیل

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بنچ نے مختلف مقدمات کی سماعت کی۔ نٸے ججز نے دس کیسز کی سماعتیں کیں۔ لارجر بنچ نے ضمانت منسوخی کی چار درخواستیں مسترد کردیں۔

ججز میں جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی ،جسٹس صلاح الدین پنہوار، جسٹس ہاشم کاکڑ، قائم مقام جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے۔

گذشتہ روز وفاقی وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ میں سات نئے ججز اور مختلف ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کیے تھے، تاہم مذکورہ ججز اور چیف جسٹسز کی جمعرات کو ہونے والی حلف برداری ایک دن کیلئے ملتوی کردی گئی تھی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقررکیا گیا، اسی طرح، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پہنور، جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تقرری کی منظوری دے دی گئی تھی۔

ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کے حوالے سے بھی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے، جن کے مطابق جسٹس اعجاز سواتی کو بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا۔

new judges in supreme court