Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
26 Ramadan 1446  

کراچی ڈیفنس سے لاپتا مصطفیٰ کہاں گیا؟ گتھی سلجھ نہ سکی، مغوی کی والدہ کا ڈی این اے بھی لیا گیا

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی چھاپہ مارٹیم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، عدالتی حکم
اپ ڈیٹ 13 فروری 2025 09:54pm

کراچی ڈیفنس سے لاپتا مصطفیٰ کہاں گیا؟ پولیس ایک ماہ بعد بھی گتھی نہ سلجھا سکی۔ تفتیشی حکام نے مصطفیٰ کی والدہ کا ڈی این اے لے لیا ۔ نمونہ ارمغان کے بنگلے سے ملنے والے خون کے نشان سے میچ کیا جائے گا۔ ملزم ارمغان کی گرفتاری پرعدالت نے پولیس پارٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی میں ڈیفینس کے پوش علاقے سے مصطفیٰ کے اغوا کیس میں پیشرفت سامنے آئی ہے، مصطفیٰ کی والدہ کا ڈی این اے لے لیا گیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ڈی این اے کو جائے وقوعہ سے ملنے والے خون سے میچ کیا جائے گا، کرائم سین یونٹ نے ارمغان کے گھرسے خون کے نمونے لیے تھے اور کارپیٹ سے پولیس کو خون ملا تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق کارپیٹ سے پولیس کو خون ملا تھا، ڈی این اے میچ کے لیے لیب کو بھیج دیے گئے۔

بنگلے پرچھاپا مارنے والی پولیس پارٹی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

کراچی میں مصطفی اغواء کیس سے متعلق پولیس کو لینے کے دینے پڑ گئے، عدالت نے آٹھ فروری کو ارمغان نامی شخص کے بنگلے پر چھاپا مارنے والی پولیس پارٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ہدایت کی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی چھاپہ مارٹیم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ گرفتار ملزم ارمغان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ارمغان کو سی آئی اے پولیس نے ڈیفنس سے گرفتار کیا تھا۔ ارمغان سمیت دیگر دو ملزمان پر مصطفی کو اغواء کرنے کا الزام ہے۔

ادھرملزم ارمغان کے گھر سے ملنے والے مصطفیٰ کے موبائل فون اور ملزم ارمغان کے موبائل فون کا فرانزک بھی کرایا جا رہا ہے۔

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کی مغوی نوجوان کے اغوا کے الزام میں گرفتار ملزم ارمغان کے ریمانڈ حاصل کرنے کی تیاری کرلی۔ پولیس اور محکمہ استغاثہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کی دو رکنی بینچ سےگرفتار ملزم ارمغان کی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔

ملزم ارمغان اور مغوی مصطفیٰ کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی ملا ہے ملزم ارمغان نے گرفتاری کے بعد ابتدائی طور پر متضاد بیانات دیے ہیں، پولیس اب تک مغوی مصطفیٰ عامرکی لاش اور نہ ہی گاڑی برآمد کر سکی ہے۔

عدالت کی گذشتہ روز کی کارروائی

انسدادِ دہشت گردی عدالت کراچی میں ڈیفنس کے علاقے سے اغواء نوجوان مصطفیٰ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے پولیس کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پھر مسترد کردی۔

عدالت نے مکمل تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے گرفتار ملزم ارمغان کو 10 فروری کو جیل بھیج دیا تھا۔

پولیس کا مٓقف تھا کہ ملزم ارمغان کے گھر سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، ملزم سے اسلحہ سے متعلق علیحدہ تفتیش کرنی ہے، بھاری تعداد میں برآمد اسلحہ غیر قانونی ہے، پولیس غیر قانونی اسلحہ کا علحیدہ مقدمہ درج کرکے ملزم کو جیل سے دوبارہ گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ مصطفیٰ 6 جنوری کو لاپتا ہوا، جس کے بعد اس کی والدہ نے پولیس سے رابطہ کیا لیکن ان کے مطابق پولیس نے معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا۔

تاہم بعد میں پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرکے 8 فروری کو ڈیفنس میں ایک بنگلے پر چھاپہ مارا، جہاں سے ملزم ارمغان کو گرفتار کیا گیا اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔

karachi

Mustafa Kidnapping case