Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

ترک صدر کی دورہ پاکستان کے بعد وطن واپسی، وزیراعظم شہبازشریف نے رخصت کیا

اسلام آباد، تہران اوراستنبول کے درمیان تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے، ترک صدر
اپ ڈیٹ 14 فروری 2025 10:16am

ترک صدر کی دورہ پاکستان کے بعد وطن واپسی۔ رجب طیب اردوان کو وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس سے رخصت کیا۔ دونوں ممالک میں چوبیس معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ فوجی تعاون، صحت، فارماسیوٹیکل اور تعلقات عامہ کے شعبے شامل ہیں۔

ترک صدررجب طیب اردوان دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ ہو گئے، وزیراعظم شہبازشریف نے ترک صدر کو نور خان ایئربیس پر رخصت کیا۔ ترک صدراورخاتون اول کودورے کی تصویری البم پیش کی گئی۔

ترک صدرکا الیکٹرک کار کا تحفہ

خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے صدرآصف زرداری کو تحفہ میں دی گئی الیکٹرک کار خود چلائی۔

آصفہ بھٹو نے الیکٹرک گاڑی خود ڈرائیو کی ترک صدر رجب طیب اردوان فرنٹ سیٹ جبکہ صدر مملکت آصف زرداری پچھلی سیٹ پر ان کے ہمراہ بیٹھے۔

آصفہ بھٹو نے سماجی ویب سائٹ پر بیان میں کہا، ترک صدر کا دورہ پاکستان میرے لئے ناقابل فراموش لمحہ ہے،جب دو صدور مسافر ہوں تو ڈرائیونگ میں بہت خیال کرنا پڑتا ہے۔ اس دورے کا ایک لمحہ بھی نہیں بھولوں گی۔

اس سے قبل وزیراعلٰی پنجاب مریم نوازنے بھی ترک خاتون اول ایمنہ اردوان سے ملاقات کی اورپاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر کے دورے کے دوران پاکستان اور ترکیہ نے دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئےمزید اقدامات پراتفاق کیا گیا اور 24 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

نورخان ایئربیس پر رجب طیب اردوان کو الوداع کرنے کے موقع پرنائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

پاکستان ترکیہ بزنس فورم کا انعقاد، وزیراعظم اورترک صدر کا خطاب

اسلام آباد میں پاکستان ترکیہ بزنس فورم کا انعقاد ہوا، جس میں وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بردرانہ تعلقات قائم ہیں، آج کا دن بہت اہم ہے، پاک ترک تعلقات سے متعلق متعدد میٹنگز کیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پاک ترکیہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک ترکیہ 5 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے ہدف کے لیے پرعزم ہیں، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کے لیے سہولیات دی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی ایک تاریخ ہے، رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، رجب طیب اردوان مسلم امہ کی آواز ہیں، ترک صدر نے ہمیشہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھائی۔

پاکستان دوسرا گھر، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ساتھ کھڑے ہیں: ترک صدر

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 5 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے ہدف کے لیے پرعزم ہیں، ترکیے اور پاکستان نے آج مختلف شعبوں میں معاہدے کیے، آج کا ترکیے ٹیکنالوجی کے لحاظ سے تبدیل ہوچکا ہے، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کے لیے سہولیات دی جائیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی نئی بلندیوں پر لے جائیں گے، ترکیے کی معیشت جدید تقاضوں پر استوار ہے، پاکستان ترک صدر رجب طیب اردوان کا دوسرا گھر ہے۔

ترک صدر کا خطاب

اس موقع پر ترج صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، اسلام آباد، تہران، استنبول کے درمیان تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، مستقبل میں بہترین حکمت عملی سے آگے بڑھا جاسکتا ہے، پاکستانی عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ شام میں جنگ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے، اسرائیل نے غزہ میں مظالم کی انتہا کردی ہے، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اسرائیلی بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، فلسطینی عوام کو مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑا جاسکتا، فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، قوم کو بہتر مستقبل کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، تاجر برادری کو بہترمواقع کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

خطاب کے اختتام پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی بہن بھائیوں کے مشکور ہیں۔

ترک صدرکی ایوانِ صدر آمد

بعدازاں ترک صدررجب طیب اردوان ایوان صدرپہنچ گئے، ترک خاتون اول بھی صدررجب طیب اردوان کےہمراہ تھیں۔ صدرآصف علی زرداری نے معززمہمانوں کااستقبال کیا۔

ملاقات میں تجارت، دفاع، سیاحت سمیت دوطرفہ تعاون کےعزم کااعادہ کیا گیا اوردونوں ممالک نے تجارتی وسرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پرزوردیا۔

اس موقع پر صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ صدراردوان کا دورہ پاکستانی عوام کیلئے اہمیت کا حامل ہے، ترک صدر کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےسازگارماحول ہے۔

صدرمملکت نے دونوں ممالک کے بینکاری شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

ترک صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو5ارب ڈالرتک بڑھانےکےخواہاں ہیں، ترکیہ کے صدرنے پاکستان کی ترقی اورامن واستحکام کےحصول کوسراہا اورقبرص پرپاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت پرشکریہ اداکیا۔

انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

صدر آصف زرداری نے صدراردوان، ترک خاتون اول اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیے سے قبل ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص غزہ اور شام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک صدرنے صدرزرداری کو الیکٹرک کارکا تحفہ دیا۔

دونوں صدور نے عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پراتفاق کیا۔ صدر مملکت نے ترک صدر کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی اصولی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ترک صدر اردوان نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد

Recep Tayyip Erdogan

PM Shehbaz Sharif

TURK PRESIDENT

Pakistan Turkey Business Forum