Aaj News

ہفتہ, اپريل 19, 2025  
20 Shawwal 1446  

شو رومز سے بغیر رجسٹریشن کوئی گاڑی فروخت نہیں کی جاسکے گی، شرجیل میمن

سندھ حکومت فوری طور پر ہیوی وہیکل ٹریفک کے خلاف کارروائی کرنے جا رہی ہے
شائع 13 فروری 2025 02:17pm

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیر کے بعد کسی بھی شو روم کو بغیر رجسٹریشن گاڑی فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی پر شو روم سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر رجسٹریشن گاڑی سڑک پر لانے پر ضبط کر لی جائے گی۔

پریس کانفرنس میں شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت فوری طور پر ہیوی وہیکل ٹریفک کے خلاف کارروائی کرنے جا رہی ہے اور تمام ہیوی گاڑیوں کی فٹنس انسپیکشن کو لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تمام ڈمپرز اور ٹرالرز کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ رکھنا ضروری ہوگا، جبکہ موٹر سائیکل سے لے کر ہیوی ٹریفک تک ہر گاڑی کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ محکمہ ایکسائز کے مطابق 80 ہزار نمبر پلیٹس تیار ہیں لیکن مالکان نے ابھی تک وصول نہیں کیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ واٹر بورڈ کے تمام ٹینکرز کو بار کوڈ دیا گیا ہے اور جن ٹینکرز کے پاس بار کوڈ نہیں ہوگا، انہیں بند کر دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے ہیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ تمام ہیوی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Sharjeel Memon

Vehicle registration From Showroom