Aaj News

منگل, اپريل 29, 2025  
01 Dhul-Qadah 1446  

آن لائن گیمنگ والے ہوجائیں ہوشیار اور جان لیں وہ جدید طریقے جو آپ کو محفوظ بناتے ہیں

آن لائن گیمنگ کے دیوانے کیسے رہیں محفوظ؟ روبلوکس سے وابستہ خطرات اور ڈیجیٹل تحفظ کے جدید طریقے
شائع 13 فروری 2025 10:24am

انٹرنیٹ کی دنیا میں گیمنگ محض تفریح نہیں رہی، بلکہ یہ ایک وسیع ڈیجیٹل کائنات میں تبدیل ہو چکی ہے، جہاں لاکھوں کھلاڑی روزانہ نئے ورچوئل تجربات حاصل کرتے ہیں۔ روبلوکس جیسے پلیٹ فارمز نے بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک منفرد گیمنگ تجربات فراہم کیا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی سائبر خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں؟ 2024 کے دوران، معروف سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی نے روبلوکس سے وابستہ جعلی فائلوں کے ذریعے 1.6 ملین سے زائد سائبر حملوں کی نشاندہی کی ہے، یہ ایک سنگین خطرہ ہے، جو ہر اس گیمر کو متاثر کر سکتا ہے جو نادانستہ طور پر نقصان دہ فائلیں ڈاؤن لوڈ کر لیتا ہے۔

آن لائن گیمنگ کے بڑھتے ہوئے سائبر خطرات

آن لائن گیمنگ میں کیا کیا خطرات ہوسکتے ہیں گیم کھیلنے والوں کو ان سے لازمی آگاہ ہونا چاہیے۔ اس دنیا میں کیا کچھ ہوسکتا ہے آئیے کچھ کا ذکر کرتے ہیں۔

آن لائن گیمنگ میں زیادہ تر کھلاڑی اپنے گیم پلے کو بہتر بنانے کے لیے مختلف طریقے تلاش کرتے ہیں، جن میں نئی موڈز، چیٹس، اور خصوصی فیچرز شامل ہوتے ہیں۔ بدقسمتی سے، یہی تلاش انہیں دھوکہ دہی کا شکار بنا سکتی ہے۔

اکثر کھلاڑی ’فری روبکس‘ یا ’چیٹ ہیکس‘ جیسی جعلی ویب سائٹس کا شکار ہو جاتے ہیں، جہاں سے وہ نقصان دہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔

سائبر سکیورٹی میں پاکستان کی بڑی چھلانگ، عالمی رہنماؤں میں شامل

پاس ورڈ چوری اور فشنگ حملے کی اگر بات کریں تو دھوکے باز پلیئرز کو فیک لاگ ان پیجز کے ذریعے ان کے اکاؤنٹس سے محروم کر سکتے ہیں۔

مالویئر اور وائرس کی بات کریں تو جناب بعض ایپلی کیشنز اور فائلیں درحقیقت ٹروجن وائرس یا کی لاگرز ہوتی ہیں، جو آپ کے سسٹم میں گھس کر آپ کا ذاتی ڈیٹا چرا سکتی ہیں۔

والدین اور بچوں کے لیے سائبر سیکیورٹی کے جدید اصول

والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں سے باخبر رہیں اور ان کے گیمنگ اکاؤنٹس پراگر نظر رکھ سکیں تو بہت مناسب ہوگا۔

بچوں کو سکھائیں کہ وہ آسانی سے اندازہ لگنے والے پاس ورڈز (جیسے 123456 یا password) استعمال نہ کریں بلکہ ایک منفرد اور پیچیدہ پاس ورڈ بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کو فعال رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔

غیر مجاز ایپس اور موڈز سے گریز کریں اور کسی بھی ’فری ہیکس‘ یا ’ان لِمیٹڈ کوائنز‘ فراہم کرنے والے سافٹ ویئر کو ہرگز ڈاؤن لوڈ نہ کریں، کیونکہ ان میں زیادہ تر وائرس یا فشنگ ٹولز ہوتے ہیں۔

قابلِ اعتماد اینٹی وائرس سافٹ ویئر استعمال کریں اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے کیسپرسکی، نارتن، یا بٹ ڈیفینڈر جیسے مضبوط اینٹی وائرس پروگرام انسٹال کریں، جو نقصان دہ فائلوں کو بلاک کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ڈیجیٹل سیکیورٹی کے اصول سیکھنا اور بچوں کو سکھانا بہت ضروری ہے، آن لائن سیفٹی کی بنیادی تعلیم خود بھی حاصل کریں اور بچوں کو سمجھائیں کہ وہ کسی بھی نامعلوم لنک پر کلک نہ کریں اور کسی بھی مشکوک میسج کا جواب دینے سے گریز کریں۔

ڈیجیٹل تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹولز

کیسپرسکی نے ’کیسپرسکی سیف کڈز‘ نامی ایک خاص ایپ متعارف کروائی ہے، جو والدین کو بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی میں مدد دیتی ہے۔ اس کے علاوہ، کیسپرسکی کے ماہرین نے ’سائبر سیکیورٹی الفا بیٹ‘ کے نام سے ایک تعلیمی کتاب بھی تیار کی ہے، جو بچوں کو آن لائن دھوکہ دہی کے حربے پہچاننے اور خود کو محفوظ رکھنے کے طریقے سکھاتی ہے۔

امریکا میں سیکڑوں سرکاری ویب سائٹس بند پڑ گئیں

ہم سب جانتے ہیں یہ اے آئی کا دور اور ڈیجیٹل ورلڈ ہے جیسے جیسے ہم اپنا استعمال انٹرنیٹ کے حوالے سے بڑھاتے جائیں گے پرائیویسی کے خطرات بھی بڑھتے جائیں گے- لہٰذا عقلمندی یہی ہے کہ ینٹرنیٹ کے استعمال کے ساتھ حفاظت اور بچاؤ کے طریقے بھی سیکھے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکے۔

آن لائن گیمنگ کے شوقین بچوں اور نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل دنیا نہایت پرکشش ہو سکتی ہے، لیکن اگر احتیاط نہ کی جائے تو یہ خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ والدین اور کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید سائبر خطرات سے باخبر رہیں، مضبوط حفاظتی تدابیر اپنائیں اور محفوظ انٹرنیٹ کے اصولوں پر عمل کریں۔

یاد رکھیں، آن لائن گیمنگ صرف تبھی لطف اندوز ہو سکتی ہے جب آپ محفوظ ہوں۔

security

Women

lifestyle

cyber security

Online game

internet world

awareness