کراچی میں زرعی نمائش، جدید چاول بوائی مشین متعارف
کراچی میں زرعی شعبے سے متعلق کانفرنس اور نمائش کے دوران جدید چاول بوائی مشین متعارف کرادی گئی، جو ایک گھنٹے میں ایک ایکڑ پر اسی ہزار پودے لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری زرعی نمائش میں یہ مشین شرکا کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے چاول کی کاشت کے روایتی طریقوں کے مقابلے میں وقت اور محنت کی بچت ممکن ہوگی، جہاں آٹھ ہاریوں کا کام اب ایک مشین انجام دے گی۔
نمائش میں کسانوں کے لیے زرعی قرضوں کی فراہمی اور مالی معاونت کی اسکیمیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ منتظم کاظم سعید کے مطابق اس کا مقصد کسانوں کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید زرعی تکنیک اپنا سکیں۔
نمائش میں مختلف بینکوں اور زرعی کمپنیوں کے ساتھ سندھ اور بلوچستان کے کسانوں نے بھی اپنی زرعی پیداوار سے تیار کردہ اشیا پیش کیں، جس سے زرعی شعبے میں جدید رجحانات اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
Comments are closed on this story.