پی ٹی آئی پر عوام کے اعتماد میں کمی نہیں آئی ہے، علامہ راجا ناصرعباس
سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصرعباس نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو یقین ہے کہ وہ ہارے ہوئے تھے، ان کو زبردستی حکومت دی گئی، یہ عوام کے قہر وغضب کے بوجھ تلے دبتے جارہے ہیں، عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول رہنما ہیں، عوام کی اکثریت ان کے ساتھ ہے، تمام تر حالات کے باوجود پی ٹی آئی پرعوام کے اعتماد میں کمی نہیں آئی ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ’نیوز انسائٹ ودعامر ضیا‘ کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے راجا ناصر عباس کہا کہ جب آپ ریفارمز کے تمام راستے بند کردیں توکیا بچ جاتا ہے، پاکستان کے مقبول ترین لیڈر نے آرمی چیف کو خط لکھے ہیں، یقین ہے مقتدر حلقے ملک بچانے کیلئے ضرور بیٹھیں گے، کیا پاکستان کو بچانا سب کی ذمہ داری نہیں؟
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی ہے، اسے قائم نہیں رہنا چاہیے، موجودہ حکومتعوام کا اعتماد کھو چکی ہے، بلوچستان اور فاٹا کےعلاقوں میں حکومتی رٹ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام تر کوششوں کے باوجود لوگوں کو عمران خان سے جدا نہیں کرسکے، مظالم کے باوجود عوام کے اعتماد میں کمی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام اور پاکستان کیلئے تڑپ رہے ہیں، پاکستان کو صرف وہی بچا سکتے ہیں، آئین کی بالا دستی کے لئے مقبول لیڈر شپ ضروی ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں اپوزیشن کی کمیٹی بنی ہے، کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب مشترکہ ایجنڈے پر سب جمع ہوں گے، تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی جائے گی، جماعت اسلامی سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے، سیاستدان ہی ملک بچا سکتے ہیں۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن کے حوالے سے رپورٹ حکومت کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے، عمران خان کے جانے کے بعد بھی شہباز حکومت بدعنوانی پر قابو نہیں پاسکی ہے، یہ بڑا سنجیدہ معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود وزیر اعظم پر سنگین الزامات ہوں تو ملک میں کرپشن کہاں رکے گی؟ کرپشن کرنے والوں کے لئے یہ سنہرا دور ہے، عدالتوں میں من پسند سیاسی جج لگائے جارہے ہیں، سندھ میں جیالے جج بنائے گئے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا ہے کہ عام پاکستانی کو ہرجگہ کرپشن کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کرپشن ہمیشہ اوپرسے نیچے آتی ہے، موجودہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کا اتحاد خوش آئند ہے۔
Comments are closed on this story.