کچی یا پکی سبزیاں: کون سی زیادہ فائدہ مند ہیں؟
سبزیوں کو پکانے کے بارے میں کئی لوگ یہ مانتے ہیں کہ زیادہ پکانے سے ان میں موجود غذائی اجزاء کم ہو جاتے ہیں اور انہیں کچا کھانا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔
لیکن اس کے بارے میں ماہرین کی کیا رائے ہےاور سبزیاں کھانے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟ جانتے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق، امریکی ریاست ورجینیا کی ماہر غذائیات کارلین تھامس نے بتایا کہ تحقیقات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ سبزیوں کو پکانے کے مختلف طریقے ان کی غذائیت پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
انڈے ہماری صحت کیلئے مضر ہیں یا مفید؟ کتنی مقدار کھانی چاہئیے؟
کارلین تھامس کے مطابق، سبزیاں تیز آنچ پر پکانے سے ان میں موجود بعض غذائی اجزاء کم ہو سکتے ہیں، مگر یہ ہمیشہ نہیں ہوتا۔
ان کے مطابق سبزیاں پکانے سے نہ صرف ان کا ذائقہ بہتر ہوتا ہے، بلکہ انہیں ہضم کرنا بھی آسان ہو جاتا ہے، اور جسم کے لیے ان میں موجود غذائی اجزاء کو جذب کرنا زیادہ مؤثر طریقے سے ممکن ہوتا ہے۔
صحت اور جلد کو بہترین بنانے کیلئے پاور پیک سبزیوں کا جوس اس طریقے سے بنائیں
ماہرغذائیات کا کہنا ہے کہ کچے ٹماٹروں کے مقابلے میں پکے ہوئے ٹماٹروں میں ’لائیکوپین‘ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ لائیکوپین ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو کینسر کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اسی طرح، گاجر، شکر قندی اور کدو کو پکانے یا بھوننے سے ان میں ’کیروٹینوائڈز‘ کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔ ’کیروٹینوائڈز‘ ایک قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو جسم میں سوزش کو کم کرنے میں معاون ہے۔
ریاست نبراسکا کی ماہر غذائیات امبر پینکونن کا کہنا ہے کہ سبزیوں کو کم وقت کے لیے پکانے سے ان میں موجود غذائی اجزاء زیادہ محفوظ رہتے ہیں۔
ان کے مطابق، سبزیوں کو بھاپ میں پکانا کھانا پکانے کے بہترین طریقوں میں سے ایک ہے، کیونکہ اس میں کسی قسم کی چکنائی جیسے گھی یا تیل استعمال نہیں کیا جاتا۔
ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ سبزیوں کو پکاتے وقت کم مقدار میں گھی یا تیل کا استعمال نقصان دہ نہیں۔ صرف اتنا تیل استعمال کیا جائے کہ سبزیاں آپس میں چپکیں نہیں اور وہ اس میں تیرنے نہ لگیں۔
ماہرین کے مطابق، سبزیوں کو پکانے کا صحیح طریقہ غذائیت کے حصول کے لیے ضروری ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ سبزیوں کو پکانے کا وقت اور طریقہ ایسا ہو کہ ان میں موجود فائدہ مند اجزاء برقرار رہیں، اور جسم ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔
Comments are closed on this story.