Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
29 Ramadan 1446  

آئی ایم ایف نے پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا، شہباز شریف کی محنت رنگ لارہی ہے: نواز شریف

نواز شریف کا معاشی بہتری پر اظہارِ اطمینان
شائع 12 فروری 2025 02:08pm

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی اسمبلی کے اراکین کی آج بھی ملاقات ہوئی، جس میں معاشی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور میں ہوئی اس ملاقات میں نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فیصد کمی کے باعث معاشی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں، مہنگائی میں کمی آرہی ہے اور اسٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، روپیہ مستحکم ہوا ہے اور آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معاشی بحالی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کو ترجیح دی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید قربانیاں دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ ریاست کو سیاست پر ترجیح دی ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری آنا ہی ہماری محنت کا صلہ ہے، اور نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہیں۔ اجلاس میں فلاحی منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz