Aaj News

ہفتہ, اپريل 12, 2025  
13 Shawwal 1446  

وزیراعظم سے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات، جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال پر تبادلہ خیال

رافیل گروسی اپنے دورے کے دوران پاکستانی سیاست دانوں سے ملاقاتیں کریں گے
شائع 12 فروری 2025 03:12pm

وزیراعظم سے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے ملاقات کی ہے، جس میں جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے آئی اے ای اے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے پاکستان کے ساتھ آئی اے ای اے کے دیرینہ تعاون کو تسلیم کیا اور کہا کہ ادارہ اسی جذبے کے ساتھ پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

ملاقات میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال، زرعی ترقی، صحت اور صنعت میں جوہری ٹیکنالوجی کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔

خیال رہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی بدھ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق، یہ دورہ جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے حوالے سے پاکستان اور آئی اے ای اے کی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ذرائع کے مطابق، رافیل گروسی اپنے دورے کے دوران پاکستانی سیاست دانوں سے ملاقاتیں کریں گے، مختلف سیمینارز میں شرکت کریں گے اور ایک نیوکلیئر پاور جنریشن سائٹ کا بھی دورہ کریں گے۔

پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان دیرینہ تعاون 1957 میں شروع ہوا تھا۔ پاکستان اس وقت ایجنسی کے تکنیکی تعاون پروگرام کے سب سے بڑے مستفید ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان کا جوہری تعاون توانائی، صحت، آبی وسائل کے انتظام، خوراک اور زراعت جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔

آئی اے ای اے اقوام متحدہ کا جوہری نگران ادارہ ہے، جو دنیا بھر میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے محفوظ اور پرامن استعمال کی نگرانی کرتا ہے۔ پاکستان 1957 سے ایجنسی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور اس کی ہدایات کے تحت اپنے سول نیوکلیئر پاور پروگرام کو چلا رہا ہے۔

IAEA Director

Rafael Mariano