Aaj News

اتوار, مارچ 30, 2025  
1 Shawwal 1446  

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان ٹیم پر تنقید نہ کرنے کا مشورہ دے دیا

ہماری ٹیم چاہے جیتے یا ہارے اُس کو سپورٹ کرنا ہے، چیئرمین پی سی بی کا مزدوروں کو فری ٹکٹس دینے کا اعلان
شائع 11 فروری 2025 08:40pm

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی ٹیم پر تنقید نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ٹیم چاہے جیتے یا ہارے اُس کو سپورٹ کرنا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے مزدوروں کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں ورکرز کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی کی جانب سے 700 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے دن رات محنت کر کے اسٹیڈیم کا کام مکمل کرنے پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے مزدوروں کے ساتھ فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ چئیرمین پی سی بی نے مزدوروں کو کل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ دیکھنے کی دعوت دی اور فری ٹکٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔

تقریب سے خطاب میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ آج کے مہمان خصوصی یہ تمام مزدور ہیں، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ تمام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ دن رات لگا کر اس کام کو مکمل کیا، نیشنل اسٹیڈیم میں ابھی اور کام باقی ہے جو چیمپئنز ٹرافی کے بعد کریں گے ، کراچی کی بلڈنگ کا کام لاہور سے بہتر ہوا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ لوگ سوشل میڈیا پر بات کررہے تھے کہ اسٹیڈیم نہیں بنے گا، آج وہ لوگ ہارے اور ہم جیتیں ہیں، اس پروجیکٹ کے ہیرو وہ مزدور ہیں جنہوں نے کوئی چھٹی نہ کی گھنٹوں کام کیا، کراچی اسٹیڈیم میں بھی ٹرینچ بنائی جائے گی، اسٹیڈیم کا اینگل بھی بہتر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے تنقید کرنے والے آج ہار گئے، ہمیں اپنی ٹیم پر بھروسہ ہونا چاہیئے، کھلاڑی محنت کررہے ہیں، وہ اچھے رزلٹ دیں گے،

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیئے، ٹیم ہارے یا جیتے اُس کو سپورٹ کریں، جس طرح پچھلے نتائج دیے ویسے ہی آگے بھی نتائج ملیں گے، پی سی بی کو رضوان، ٹیم اور سلیکشن ٹیم پر پورا بھروسہ ہے، یہ ضرور میدان ماریں گے۔

Pakistan Cricket Team

national stadium

Champions Trophy

chairman pcb

mohsin naqvi

champions trophy 2025

Icc Champions Trophy 2025

icc champions trophy