Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

تزئین و آرائش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کر دیا گیا

کھلاڑیوں اورآفیشلز کیلئے جدید معیار کے ڈریسنگ روم، ہاسپٹلٹی باکسز تیار
اپ ڈیٹ 11 فروری 2025 09:09pm

پاکستان میں 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی افتتاحی تقریب مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے علاوہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی مرتضٰی وہاب اور وزیر کھیل سندھ و دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیرنو پر چیئرمین محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انتھک محنت ، لگن اور جذبہ سے نینشل اسٹیڈیم کو انتہائی شاندار بنا دیا، نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر نو سے عالمی مقابلوں کا مزا دوبالا ہو جائے گا ۔

نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید معیار کے ڈریسنگ روم اور ہاسپٹلٹی باکسز تیار کیے گئے ہیں، اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں نشریاتی معیار کی بہتری کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں 2 ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز اور 5 ہزار سے زائد نئی کرسیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل، چیئرمین پی سی بی کا 1500 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں ظہرانہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نو تعیمر کراچی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا افتتاح کیا، انہوں نے چیئرمین پی سی بی کو نیشنل اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تعمیر نو پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی میں کھیلوں کی بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، 2018 میں نیشنل اسٹیڈیم کو حکومت سندھ نے اپ گریڈ کیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، کراچی والے کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، حکومت بھرپور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن فائٹنگ گیم ہونا چاہیے۔

افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئی، اسٹیڈیم کو 4 ماہ سے کم مدت میں مکمل کیا گیا جبکہ اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 7 فروری کو وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کیا تھا۔

افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا باضابطہ آغاز 19 فروری سے کراچی میں کرکٹ میچ سے ہوگا، ایونٹ کے بعض میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی ہوں گے۔

سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی: کراچی کی کونسی سڑکیں کھلی ہوں گی

چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس وجہ سے پاکستان اور بھارت کے میچز کے علاوہ بھارت کے تمام میچز یو اے ای میں ہوں گے۔

افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا، اگر فائنل میں بھارت پہنچا تو ایونٹ کا آخری میچ پاکستان میں نہیں ہوگا۔

karachi

national stadium

Champions Trophy

qaddafi stadium

champions trophy 2025

Icc Champions Trophy 2025

icc champions trophy