Aaj News

بدھ, اپريل 02, 2025  
03 Shawwal 1446  

سی ایس ایس 2024 کے نتائج کب جاری ہوں گے؟ ایف پی ایس سی چئیرمین نے بتا دیا

سی ایس ایس 2024 کے نتائج سے پہلے نئے امتحانات روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
شائع 11 فروری 2025 12:31pm

فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے چئیرمین نے سی ایس ایس 2024 کے نتائج جاری کرنے کی ممکنہ تاریخ دے دی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کو سی ایس ایس 2024 کے نتائج جاری کرنے سے قبل نئے امتحانات منعقد کرنے سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی، جبکہ درخواست گزار حمزہ جاوید اور دیگر افراد اپنے وکیل علی رضا ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیئرمین ایف پی ایس سی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اختر نواز ستی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سی ایس ایس 2024 کے نتائج اپریل کے آخری ہفتے میں جاری کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ درخواست گزاروں کی اپیل اس لیے مسترد کی گئی کیونکہ سی ایس ایس 2025 کے امتحانات کے بعد بھی ان کے مواقع ختم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایک درخواست گزار پہلے ہی اپنے تمام مواقع استعمال کر چکا ہے، اس لیے وہ اس کیس میں متاثرہ فریق نہیں ہے۔

چیئرمین ایف پی ایس سی نے بتایا کہ ملک بھر میں سی ایس ایس امتحانات کے لیے 88 ہال بک کیے جا چکے ہیں اور تمام متعلقہ پیپرز بھی امتحانی مراکز کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سی ایس ایس 2025 کے امتحانات کا آغاز 15 فروری سے ہو رہا ہے، اور قانون ایف پی ایس سی کو اجازت دیتا ہے کہ اگر پچھلا نتیجہ جاری نہ ہو تو بھی اگلا امتحان منعقد کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان امتحانات کو مؤخر کیا گیا تو سکریسی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جس سے امتحانی عمل متاثر ہوگا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایف پی ایس سی کو سی ایس ایس 2024 کے نتائج جاری کرنے سے پہلے نئے امتحانات روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

FPSC Exams

CSS Exam 2024 Result