مقدمات میں بدنیتی سے بغیر کسی قانونی جواز کے ملوث کیا گیا، بشریٰ بی بی کا تحریری بیان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ مجھے مقدمات میں بدنیتی سے بغیر کسی قانونی جواز کے ملوث کیا گیا ہے، مجھے اور میرے خاوند کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔
بشریٰ بی بی کے نومبرسے متعلق مقدمات میں اپنا تحریری بیان دے دیا ہے، تحریری بیان کی کاپی آج نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی آج بھی مختلف مقدمات میں ریلیف سے محروم
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہا کہ اپنی تمام زندگی قانون اور آئین کے مطابق گزاری ہے، مقدمات میں بدنیتی سے بغیر قانونی جواز کے ملوث کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے بانی کی شریک حیات ہوں، بانی نے اپنی تمام تر زندگی قانون و آئین کی بالا دستی کے لئے وقف کردی ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی بھی کوئی آئین اور قانون کے منافی کام نہیں کیا، میرے شوہر کے دیگر خاندان کے افراد کو بھی مختلف جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے خاوند کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، مجھے غیر قانونی طور پر ملوث کیا گیا۔
بشریٰ بی بی کو انسداد دہشت گردی عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا
بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی کسی غیر آئینی،غیر قانونی سرگرمی میں بالواسطہ یا بلا واسطہ حصہ نہیں لیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ مجھے سوچی سمجھی سازش کے تحت مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے ملوث کیا گیا، میرا وقوعہ سے کسی قسم کا تعلق واسطہ نہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 19 نومبر 2024 کا مبینہ بیان جو مجھ سے منسوب کیا جا رہا ہے، وہ بیان آئین و قانون کے مطابق تھا۔
یہ مبینہ بیان دیا تو اس دن اور اس کے بعد مقدمہ ہذا کے اندراج تک میرے خلاف میرے بیان کی بابت قطعاً کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی، یہ مبینہ بیان آئین اور قانون کے عین مطابق تھا۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ مجھے اور میرے شوہر کو پاکستانی شہری ہونے کی حیثیت سے تمام آئینی وقانونی حقوق حاصل ہیں۔
Comments are closed on this story.