Aaj News

ہفتہ, مئ 03, 2025  
05 Dhul-Qadah 1446  

لیبیا میں پاکستانی تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 10 لاشیں نکال لی گئیں،

پاکستان سفارتخانے کی ٹیم روانہ
اپ ڈیٹ 10 فروری 2025 03:22pm

لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں کی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہوگئی ہے۔ حادثہ مرساڈیلا کی بندرگاہ کے قریب پیش آیا، جہاں 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔

لیبیا کے ریڈ کریسنٹ نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ زاوِیہ کے شمال مغرب میں واقع مرسا ڈیلا بندرگاہ پر کشتی ڈوبنے سے دس افراد ہلاک ہو گئے۔

ریڈ کریسنٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، زاوِیہ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ اور کوسٹ گارڈ پوسٹ سے کشتی ڈوبنے کی اطلاع ملنے کے بعد اس کی ٹیم نے دس لاشیں برآمد کیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے مقامی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یونان کشتی حادثہ: کشتی میں سوار ہونے سے قبل تارکین وطن پر کیا بیتی، زندہ بچ جانے والے پاکستانی کے انکشافات

تاہم، بیان میں کشتی میں سوار افراد کی تعداد، ان کی شناخت یا کشتی ڈوبنے کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زاوِیہ اسپتال روانہ کردی گئی ہے تاکہ مقامی حکام کی معاونت کی جا سکے۔ سفارتخانہ طرابلس میں پاکستانی شہریوں کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستانی شہری کسی بھی مدد یا معلومات کے لیے سفارتخانے کے واٹس ایپ نمبر 03052185882 یا فون نمبر 0021891387077 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ سفارتخانہ پاکستانی متاثرین کی مزید تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا، وزارت خارجہ کے کرائسس مینجمنٹ یونٹ کو صورتحال کی نگرانی کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔

Libya Boat Capsize