Aaj News

بدھ, مئ 07, 2025  
09 Dhul-Qadah 1446  

ڈاکٹر یونس کیخلاف عوامی لیگ کی منظم مہم میں بھارتی میڈیا ملوث ہے، بنگلا دیش حکام

ہم عوام کے ساتھ ہونے والی ان کی ناانصافیوں کو ہر دیوار پر لکھیں گے، شفیق عالم
شائع 08 فروری 2025 11:47pm

بنگلا دیش کے چیف ایڈ وائزر کے پریس سیکریٹری شفیق عالم نے کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد یونس کے خلاف عوامی لیگ کی منظم مہم میں بھارتی میڈیا ملوث ہے۔

بنگلا دیشی انگریزی اخبار کے معاصر کے مطابق بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے پریس سیکریٹری شفیق العالم نے کہا ہے عوامی لیگ ڈاکٹر محمد یونس کو ”عسکریت پسندوں“ میں گھرے ہوئے ایک ”عسکریت پسند رہنما“ کے طور پر پیش کرنے کے لئے منظم مہم چلا رہی ہے اور اس میں بھارتی میڈیا ملوث ہے۔

بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کے پریس سیکریٹری شفیق العالم نے ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پیغامات کو دیکھیں ! ان کا پیغام ہے کہ 3000 پولیس اہلکار مارے گئے، ان کا پیغام ہے کہ ڈاکٹر محمد یونس ایک ”عسکریت پسند“ رہنما ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کا پیغام یہ بھی ہے کہ ڈاکٹر محمد یونس ”عسکریت پسند“ رہنماؤں کے گھیرے میں ہیں۔ شفیق العالم نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی منظم مہم ہے، جس میں بھارتی میڈیا بھی شامل ہے۔

عوامی لیگ پر الزام لگاتے ہوئے پریس سیکریٹری نے کہا کہ حسینہ (شیخ حسینہ واجد) اشرافیہ جولائی کی عوامی تحریک کو بدنام کرنے کے لیے ایک نیا بیانیہ تخلیق کرنے کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کر رہی ہے تاکہ عالمی برادری کو یہ سمجھایا جا سکے کہ یہ تحریک نہیں بلکہ ایک بڑی سازش ہے۔

شفیق عالم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عوامی لیگ کی زوال پذیر آمریت، چوروں اور گمشدگیوں کی ماں (شیخ حسینہ واجد) بنگلا دیش کے بیانیے کو چیلنج کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے 1971 سے 1972 تک کے بنگلا دیش کے حالات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان لوگوں کا دستاویزات میں کردار کمزور تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد یونس نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے اور ان کا کام تحقیق کے ذریعے 15 سال کی ہولناکیوں کو اجاگر کرنا ہے۔

شفیق عالم نے کہا ہم عوام کے ساتھ ہونے والی ان کی ناانصافیوں کو ہر دیوار پر لکھیں گے تاکہ بنگلا دیش میں جو آمریت گری تھی وہ واپس نہ آسکے۔

Bangladesh

Awami League

press secretary

bangladesh government