Aaj News

اتوار, مارچ 23, 2025  
23 Ramadan 1446  

حیدرآباد میں وکلاء کا احتجاج کامیاب، ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ لنجار چھٹی پر بھیج دیے گئے

ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان کو حیدرآباد کا اضافی چارج دے دیا گیا
شائع 08 فروری 2025 10:36am

حیدرآباد میں تین روز سے جاری وکلاء کا احتجاج کامیاب ہوگیا ہے، حکام نے ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ لنجار کو چھٹی پر بھیج دیا ہے۔

گزشتہ تین روز سے کالا کوٹ اور کالی وردی آمنے سامنے تھے، حیدرآباد میں وکلا اور پولیس کے درمیان تنازعہ وکیل کی گاڑی پر ہوٹر اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے پرشروع ہوا، بھٹائی نگر پولیس نے پرچہ کاٹا، جس پر وکیل بگڑ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے ایس ایس پی کے تبادلتے کا مطالبہ کیا اور حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا دے دیا۔

ڈی آئی جی حیدرآباد کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ ایس ایس پی ذاتی مصروفیات کی بنا پر چھٹی پر جا رہے ہیں، جبکہ ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان کو ان کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔

وکلاء کے دھرنے میں شریک کراچی بار کے صدر عامر وڑائچ نے احتجاجی اجتماع میں ایس ایس پی کی چھٹی کا سرکاری نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا، جس کے بعد وکلاء نے اپنا احتجاج کامیاب قرار دیتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

حیدرآباد بار کے صدر نے بھی تصدیق کی کہ ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ لنجار کو حیدرآباد سے ہٹا دیا گیا ہے۔

Hyderabad

Lawyers Protest

SSP Farrukh Lanjar