Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

قومی اسمبلی کا اجلاس 10 فروری کو طلب کرلیا گیا

پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کا اجلاس 10 فروری کی شام 5 بجے ہوگا
شائع 07 فروری 2025 10:40am

قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 10 فروری کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کا اجلاس 10 فروری کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس کا ایجنڈا ایک روز قبل اتوار کو جاری کیا جائے گا۔

قائم مقام صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق (1) کے تحت تفویض شدہ اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔

قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 16 ویں قومی اسمبلی کا 13واں اجلاس ہوگا۔

گزشتہ اجلاس میں قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر رانا تنویر کی جانب سے پیش کیے گئے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کو منظور کیا تھا جس پر صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا تھا۔

حکومت کی کسی بھی اتحادی جماعت کی جانب سے پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کی مخالفت نہیں کی گئی تھی جبکہ اپوزیشن بل پیش کیے جانے سے قبل ہی واک آؤٹ کر چکی تھی۔

اسی طرح، قومی اسمبلی نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024ء بھی کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل کے تحت 18رُکنی قومی ڈیجیٹل کمیشن تشکیل دیا جائےگا جس کی صدارت وزیراعظم پاکستان کریں گے۔

چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، وفاقی وزراء، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین نادرا، کمیشن کا حصہ ہوں گے، چئیرمین پی ٹی اے، چئیرمین ایس ای سی پی، گورنر اسٹیٹ بینک کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے بیرون ملک ہونے کے سبب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی قائم مقام صدر کی فرائض انجام دے رے ہیں۔

اسلام آباد

National Assembly

Yousuf Raza Gilani