Aaj News

جمعہ, مئ 02, 2025  
04 Dhul-Qadah 1446  

ہریالی تکہ سے زیادہ مزیدار ہریالی چکن ریسیپی کا لطف اٹھائیں

یہ نہ صرف خوش ذائقہ بلکہ غذائیت سے بھرپور بھی ہے
شائع 07 فروری 2025 10:21am

ہریالی چکن کا سبز سالن خاص طور پر سبز پتوں والی سبزیوں جیسے پالک، دھنیا اور پودینہ سے تیار کیا جاتا ہے، جنہیں ملا کر ایک مزیدار سبز پیسٹ تیار کیا جاتا ہے۔ اس پیسٹ میں کریم کا اضافہ کر کے ذائقہ کو مزید بہتر بنایا جاتا ہے۔

ہریالی چکن نہ صرف آپ کے خاندان اور دوستوں کے لیے خوش ذائقہ ہوتا ہے بلکہ یہ غذائیت سے بھرپور بھی ہے، اس لیے یہ رات کے کھانے کے لیے بہترین انتخاب بن سکتا ہے۔ تو کیوں نہ اس ترکیب کو آزمایا جائے؟

ہریالی چکن کے اجزاء (4 افراد کے لیے)

  • 500 گرام چکن

  • 2 کھانے کے چمچ لیموں کا رس

  • 2 چائے کے چمچ دھنیا پاؤڈر

  • 2 کپ دھنیا کے پتے

  • 1/2 کپ پودینے کے پتے

  • 10جوئے کٹا ہوا لہسن

  • 6 ہری مرچیں

  • 1/2 چائے کا چمچ ہلدی

  • 2 درمیانی پیاز کٹی ہوئی

  • نمک حسبِ ذائقہ

  • 1 کپ دہی

  • 1 چائے کا چمچ زیرہ پاؤڈر

  • 1 1/2 چائے کا چمچ لال مرچ پاؤڈر

  • 1 کپ پالک کے پتے

  • 2 انچ کٹا ہوا ادرک

  • 1 کپ کاجو

  • 1چائے کا چمچ گرم مصالحہ پاؤڈر

  • 2 کھانے کے چمچ گھی

  • 1/2 کپ تازہ کریم

ہریالی چکن بنانے کی ترکیب

چکن کو میرینیٹ کریں

سب سے پہلے چکن کے ٹکڑوں کو اچھی طرح دھو کر اضافی پانی نکال لیں۔ ایک پیالے میں دھنیا پاؤڈر، لیموں کا رس، لال مرچ پاؤڈر، دہی، زیرہ پاؤڈر، نمک اور چکن کے ٹکڑے ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ اس کو کم از کم 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں تاکہ چکن تمام مصالحوں میں اچھی طرح جذب ہو جائے۔

مصالحہ تیار کریں

ایک بلینڈر میں پالک، پودینے کے پتے، دھنیا کے پتے، کاجو، ادرک، لہسن، ہری مرچیں، گرم مصالحہ، 2 کھانے کے چمچ پانی اور ہلدی ڈال کر اچھی طرح پیس کر نرم پیسٹ بنا لیں۔ اگر ضرورت ہو تو مزید پانی شامل کیا جاسکتا ہے۔

گریوی بنائیں

ایک پین میں گھی گرم کریں، پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز ڈال کر سنہری بھون لیں۔ اب اس میں تیار کیا ہوا ہرا مصالحہ ڈال کر 3 منٹ تک پکائیں۔ پھر میرینیٹ کیا ہوا چکن ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ پین کو ڈھانپ کر 15-20 منٹ تک پکنے دیں اور چیک کریں کہ گریوی اچھی طرح گاڑھی ہو گئی ہو۔

کریم ڈالیں

اب اس میں تازہ کریم ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور درمیانے آنچ پر 5 منٹ تک پکائیں۔ جب سب کچھ اچھی طرح سے مکس ہو جائے تو چولہے کی آنچ بند کر دیں۔

ہریالی چکن تیار ہے

مزیدار ہریالی چکن تیار ہے۔ اسے گرم چپاتیوں، سلاد اور رائتے کے ساتھ سرو کریں اور مزے سے کھائیں۔

دسترخوان

Women

lifestyle

recipe