اونچی سینڈل کیوں نہیں دلائی، بیوی شوہر کیخلاف تھانے پہنچ گئی
خاتون کی شوہر سے اونچی ہیل کی سینڈل دلانے کی فرمائش، نہ دلانے پر آپے سے باہر،شوہر کے خلاف تھانے پہنچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر آگرہ میں ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے اونچی ہیل کی سینڈل دلانے کی فرمائش کی، تاہم شوہر نے جب اس کو سینڈل لا کر نہ دی تو وہ غصے میں آپے سے باہر ہوگئی اور میاں کے خلاف رپورٹ درج کرانے تھانے پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق جب خاتون کی ہائی ہیل سینڈل کی فرمائش پوری نہ ہوئی تو اس نے شوہر سے جھگڑا شروع کر دیا، جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا کہ معاملہ فیملی کونسلنگ کے پاس گیا اور وہاں بھی حل نہ ہوا تو پھر خاتون تھانے پہنچ گئی۔
خاتون نے جب تھانے پہنچ کر اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کرانے کی وجہ بتائی تو پولیس اہلکاروں کی بھی ہنسی چھوٹ گئی، تاہم پولیس نے معاملے کو سلجھانے کیلئے خاتون کے شوہر کو طلب کر لیا۔
شوہر نے پولیس کو بتایا کہ کچھ عرصہ قبل بھی بیوی نے اونچی ہیل کی سینڈل کی فرمائش کی تھی اور میں نے اس کی یہ فرمائش پوری بھی کردی تھی، تاہم وہ تفریح کیلئے جاتے ہوئے اس ہائی ہیل کے باعث گر کر زخمی ہوئی تھی، اسی وجہ سے میں نے اس کو دوبارہ ہائی ہیل سینڈل نہیں دلائی۔
پولیس کو شوہر نے بتایا کہ دوسری بار فرمائش پوری نہ کرنے پر پہلے بیوی نے اس کے ساتھ جھگڑا کیا، معاملے کو فیملی کونسلنگ لے کر گئی اور پھر روٹھ کر میکے جا پہنچی اور اب تھانے میرے خلاف شکایت لے کر آگئی۔
بعد ازاں پولیس نے دونوں کو سمجھا بجھا کر ان کے درمیان صلح کرائی جس کے بعد میاں بیوی راضی خوشی اپنے گھر واپس چلے گئے۔
Comments are closed on this story.