Aaj News

اتوار, اپريل 06, 2025  
08 Shawwal 1446  

عام آدمی پارٹی کو دھچکا، بی جے پی کی 27 سال بعد ’تختِ دلیّ‘ پر واپسی کا امکان

عام آدمی پارٹی نے ایگزٹ پولز کو مسترد کردیا
شائع 06 فروری 2025 08:55am

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جو گزشتہ دو دہائیوں میں دہلی اسمبلی انتخابات میں سنگل ڈیجٹ تک محدود رہی، اب اس کے 27 سال بعد دارالحکومت میں اقتدار پر واپسی کا امکان ہے۔ بدھ کو جاری ہونے والے بیشتر ایگزٹ پولز نے بی جے پی کی برتری کی پیشگوئی کی ہے، جو عام آدمی پارٹی (آپ) اور اروند کیجریوال کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

ایگزٹ پولز کے مطابق، 2015 اور 2020 کے انتخابات میں لگاتار شاندار کامیابیاں حاصل کرنے والی عام آدمی پارٹی کو اس بار زبردست مخالف فضا کا سامنا ہے اور وہ 30 نشستوں تک محدود ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب، بی جے پی کو اوسطاً 39 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جو 36 کے سادہ اکثریتی ہدف سے زیادہ ہیں۔ کانگریس، جو شیلا دکشت کے ”سنہری دور“ کے بعد دہلی میں تقریباً غیر متعلق ہو چکی ہے، اسے صرف 1 سے 2 نشستیں ملنے کی توقع ہے۔

البتہ، بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی کے تجربات بتاتے ہیں کہ ایگزٹ پولز ہمیشہ درست ثابت نہیں ہوتے، اس لیے ان پیشگوئیوں کو حتمی نتیجہ نہیں سمجھا جا سکتا۔

بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب کے گھر کو مظاہرین نے آگ لگا دی

چند ایگزٹ پولز نے عام آدمی پارٹی کی جیت کی بھی پیشگوئی کی ہے۔ مائنڈ برنک کے مطابق، ”آپ“ کو 44 سے 49 نشستیں مل سکتی ہیں، جبکہ وی پریسائیڈ نے 46 سے 52 نشستوں کی پیشگوئی کی ہے۔

میٹرائز نے دہلی میں سخت مقابلے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے مطابق بی جے پی کو 35 سے 40 جبکہ عام آدمی پارٹی کو 32 سے 37 نشستیں مل سکتی ہیں۔ دہلی اسمبلی میں 70 نشستیں ہیں اور حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 36 نشستیں درکار ہیں۔

پی مارک کے ایگزٹ پولز میں بی جے پی کو 39 سے 49 اور عام آدمی پارٹی کو 21 سے 31 نشستیں دی گئی ہیں۔ ٹائمز ناؤ جے وی سی نے بی جے پی کو 39 سے 45 اور عام آدمی پارٹی کو 22 سے 31 نشستیں دی ہیں۔ پیپلز پلس نے بی جے پی کے لیے سب سے زیادہ 51 سے 60 نشستوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کو 10 سے 19 نشستیں دی گئی ہیں۔

بی جے پی کی برتری کی پیشگوئی کے بعد پارٹی کے دہلی صدر وریندر سچدیوا نے کہا کہ ”آپ-دا (تباہی) جا ری ہے“۔ یہ اصطلاح وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی پارٹی کے لیے استعمال کی تھی۔

دوسری جانب، عام آدمی پارٹی نے ایگزٹ پولز کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تاریخی فتح حاصل کرے گی اور اروند کیجریوال چوتھی بار وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ پارٹی کی رہنما رینا گپتا نے کہا کہ ماضی میں بھی ایگزٹ پولز نے عام آدمی پارٹی کو کم نشستیں دی تھیں، مگر اصل نتائج میں اسے بھاری اکثریت ملی تھی۔

ایگزٹ پولز کے مطابق، بی جے پی کو دہلی میں کامیابی دلانے والے عوامل میں عام آدمی پارٹی کی حمایت میں کمی، کانگریس کے ووٹ بینک میں واپسی، اور بی جے پی کی جھگی بستیوں اور غیر قانونی کالونیوں میں پذیرائی شامل ہیں، جہاں 2015 اور 2020 میں عام آدمی پارٹی کو بڑی کامیابی ملی تھی۔

اس کے علاوہ، کیجریوال حکومت کے مبینہ شراب پالیسی اسکینڈل اور ”شیش محل“ تنازعے نے بھی بی جے پی کے حق میں فضا ہموار کی ہے۔ عام آدمی پارٹی کی قیادت پر الزام ہے کہ اس نے کووڈ کے دوران سرکاری رہائش گاہ پر کروڑوں روپے خرچ کیے۔

مہا کمبھ میلے میں بھگدڑ سے ہلاکتیں بڑا واقعہ نہیں، ہیمامالنی

گزشتہ ہفتے کے بجٹ میں مڈل کلاس کے لیے انکم ٹیکس میں دی گئی چھوٹ بھی بی جے پی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ طبقہ اس کا روایتی ووٹر سمجھا جاتا ہے۔

اگر دہلی میں بی جے پی جیتتی ہے تو اس کا اثر بہار میں بھی محسوس کیا جائے گا، جہاں رواں سال کے آخر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ دہلی کے ایک تہائی ووٹرز کا تعلق مشرقی اتر پردیش اور بہار سے ہے، اس لیے ان نتائج کو بہار میں بی جے پی کی مقبولیت کا امتحان بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

انتخابی نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔

Congress

BJP

AAP

Delhi Elections 2025

Exit Polls