Aaj News

منگل, اپريل 22, 2025  
23 Shawwal 1446  

کشمیری نڈر قوم ہے کبھی نہیں جھکیں گے، مشعال ملک

احتجاج کی کال پر گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملک احمد بھچر، آج ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
شائع 05 فروری 2025 11:10pm

مسئلہ کشمیر اور انسانی حقوق کی موثر اور توانا آواز مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیرمیں بزرگوں اور نوجوانوں کو جیل میں ڈالا جارہا ہے، کشمیریوں کا سب سے بڑا ہتھیار ان کا خون ہے، کشمیری نڈر قوم ہے کبھی نہیں جھکیں گے، بھارت حریت رہنماؤں کو قتل کر رہا ہے، دنیا کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لے، یاسین ملک پر جعلی مقدمات چلائے جارہے ہیں۔

آج ٹی وی کے پروگرام ’نیوزانسائٹ ودعامر ضیا‘ کے میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آواز آرایس ایس سرکار نے چھین لی، کشمیری قوم پربڑا ظلم کیا جا رہا ہے، انہوں نے کشمیرکو منی انڈیا بنا دیا ہے، میری والدہ کو سلو پوائزنگ کے ذریعے شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپس میں تقسیم ہوچکے ہیں، میڈیا اور سوشل میڈیا میں ایک دوسرے پر تنقید کی جاتی ہے، کشمیر کاز کمزور ہوچکا ہے، ہمیں اس قومی مسئلے پر متحد ہونا پڑے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ عورت کارڈ کھیل رہی ہیں، احتجاج کی کال پر گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، کیا حکمرانوں نے کبھی احتجاج نہیں کیا؟

انہوں نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کا خوف ہے، موجودہ حکمرانوں کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، 8 فروری کو ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، اس دن ہم نے یوم سیاہ منانا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبرکے ذمہ دار ہم نہیں، جوڈیشل کمیشن بن جاتا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجاتا، یہ لوگ بوکھلائے ہوئے ہیں، ان کے آخری دن آچکے ہیں۔

ملک احمد بھچر نے کہا کہ ہمارے ایم این اے اورایم پی ایز روپوش ہیں، ہمارے ممبران پر بہت زیادہ کیسز ہیں، اگر ہمارے پاس بندے نہیں تو چھاپے کیوں مار رہے ہیں؟

pti leader

AAJ NEWS

Aaj News program

Kashmir Day

TV Show

aaj Tv